مسلم لیگ ق سے کوئی اختلاف نہیں، نعیم الحق

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق ہماری حلیف جماعت ہے اور ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ کچھ لوگ پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے درمیان رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نعیم الحق کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ ملاقات کا مقصد دنیا کو بتانا تھا کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہماری حلیف جماعت ہے اور رہے گی اور میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کرنے آیا ہوں۔

نعیم الحق نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اپنا کام کر رہا ہے تاہم بزنس کمیونٹی نیب سے متعلق شکایات کر رہی ہے۔ نیب کی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی ہے جب کہ ہم نے عہد کیا ہوا ہے کہ حکومت کے ساتھ چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا جتنا حق تھا وہ عمران خان نے ہمیں دے دیا ہے۔ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔

اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مونس الہیٰ، آغا کامل علی، چوہدری سالک حسین، حسین الہی اور باو رضوان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اتحادی حکومت کے معاملات کو اتفاق رائے سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پنجاب کے بعد مرکز میں شراکت اقتدار کے معاہدے پرعمل درآمد ہو گا۔


متعلقہ خبریں