امن مشقیں 19،نیول چیف کا شریک ممالک کا شکریہ 


 کراچی: پاک بحریہ کی مشق امن 19 کے تیسرے روز چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل عباسی نے مشق میں شرکت اور باہمی تعاون کے فروغ پر تمام شریک ممالک کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔

مشق کے تیسرے روز چیف آف دی نیول اسٹاف نے مشق میں شریک ممالک کے بحری جہازوں کا دورہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے برطانیہ، ترکی، چین، عمان، ملائیشیا، اٹلی، سری لنکا اور آسٹریلیا کے بحری جہازوں کا دورہ کیا۔

نیول چیف کی جہازوں پر آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دورے کے دوران امیرالبحر نے مشق میں شریک غیر ملکی جہازوں کے کمانڈنگ افسران اور عملے سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ چیف آف نیول اسٹاف کو مشق میں شریک ممالک کے جہازوں پر خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ امیرالبحر نے جہازوں کے دورے کے دوران وہاں موجود غیرملکی میڈیا کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔

شہر قائد  میں چھٹی بین الاقوامی کثیر الا ملکی امن مشقیں(امن 19) کے دوسرے روز پاک میرین اور نیوی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے میری ٹائم انسداد دہشت گردی ڈیمو کا شاندارعملی مظاہرہ پیش کیا تھا۔

میری ٹائم ایکسرسائز میں برطانیہ، امریکہ، ترکی، چین، اٹلی، پولینڈ، انڈونیشا، ملائیشیا اور نائجیریا سمیت مختلف ممالک کے پیراٹروپرز نے بھی زبردست شو پیش کیا تھا۔


متعلقہ خبریں