وزیراعظم نے این آراوکا صحفہ ہی پھاڑدیا ہے، شیخ رشید



اسلام آباد: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں وزیراعظم کی منظوری کے بغیر کوئی این آراونہیں ہوسکتا اور وزیراعظم عمران خان نے این آراوکا صحفہ ہی پھاڑدیا ہے۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان سیدثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اوروفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  ابھی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو عمران خان کے ہاتھ نہیں لگے، جب لگیں گے تب ان کی چیخیں لال حویلی تک آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف، مریم نواز اور آصف زرداری کے این آر اومانگنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ پرویزمشرف کے ساتھ بھی این آراو شہبازشریف نے کیا تھا، اب بھی یہی کررہے ہیں، وہ اپنے بھائی کوسیاست سے مائنس کرنا چاہتے ہیں۔  اگر وہ سچے ہیں تو میرے ساتھ ٹی وی پرآجائیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بیماری پر سیاست کررہی ہے انہوں نے ماضی میں بھی ایسا کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مہنگائی سے عوام کی زندگی انتہائی مشکل ہوگئی ہے، عوام کے جذبات سے عمران خان کو آگاہ کردیا ہے، کابینہ کے اجلاس اپنا بل بھی لے کر گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزرات قانون کا خط موجود ہے جس کے مطابق وزیر پبلک اکاونٹس کمیٹی کا ممبربن سکتا ہوں۔ شہبازشریف ملزم اورمیں صادق اورامین ہوں. شہبازشریف اگر چیئرمین پی اے سی نہیں ہوں گے تومیں وہاں بھیجنے پربھی نہیں جاوں گا، شہبازشریف کے چیئرمین پی اے سی بننے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا بھی اعلان کیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ جواسمبلی میں پہلی بار آئے اسے قانونی عہدے نہیں دینا چاہیے کہ اسے قانون کا علم نہیں ہوتا اور جیسا بتایا جاتا ہے ویسے ہی وہ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس جس کا نام نیب میں ہے وہ  نیب قانون میں تبدیلی کے لیےاندرسے ایک ہیں لیکن یہ نہیں بدلنے دیں گے، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ چالیس کی فہرست میں آصف زرداری کا نام بھی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے لیے پہلا سال مشکل ہے، وہ بہت محنت سے کام کررہا ہے، آگے آسانی ہے، جوکام کرے گا وہی کابینہ میں رہے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کے کرائے مزید بڑھائیں گے، جناح اورسرسید وی وی آئی پی ٹرینیں چلاوں گا۔ تمام ٹریکوں کا ٹینڈردیں گے، سو دنوں میں بیس ٹرینیں چلائی ہیں اور اتنی اور چلانی ہیں، ریلوے کا پہیہ چل پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کے لیے اکیس ایکڑ زمین خالی کرادی ہے، سب لوگوں کی آباد کاری کے لیے کابینہ کی منظوری سے ایک روپے کنال زمین دوں گا۔ کے سی آر میں وفاق کا چالیس فیصد حصہ ہے لیکن وہ  بھی سندھ حکومت لے لے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں محنت کرتی تو اب وہاں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی۔ یہ پیپلزپارٹی کی وہاں بھی آخری باری ہے۔

 


متعلقہ خبریں