حمزہ شہباز کی بیرون ملک قیام میں توسیع کی درخواست منظور

کروڑوں سے شروع ہونے والا فراڈ اربوں تک جائے گا، حمزہ شہباز

فوٹو: فائل


لاہور:لاہور ہائی کورٹ نے  پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی بیرون ملک قیام میں توسیع کی درخواست منظور کر لی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی۔لیگی رہنما کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کی نومولود بیٹی عارضہ قلب میں مبتلا ہے اور ڈاکٹرز نے سرجری کی ہدایت کی ہے لہذا آپریشن تک لندن میں رہنے کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیٹی کی طبیعت ٹھیک ہوتے ہی وہ وطن واپس آجائیں گے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کو برطانیہ میں رہنے کے لئے چودہ روز کی توسیع دے دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حمزہ شہباز کے گھر بیرون ملک بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جو عارضہ قلب میں مبتلا ہے اور انہیں ڈاکٹرز نے بچی کا فوراً آپریشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔

حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں تھی تاہم اُن کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی اور وہ عدالتی حکم کے بعد تین فروری کو لندن پہنچے تھے جب کہ حمزہ شہباز کو 13 فروری تک وہاں رہنے کی اجازت ہے۔

 


متعلقہ خبریں