عالمگیر خان نے سیوریج سے بھری بالٹی وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے الٹ دی


کراچی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عالمگیرخان نےانوکھا احتجاج کرتے ہوئےسیوریج کے پانی سے بھری بالٹی کووزیر اعلیٰ ہاؤس کے دروازے پر خالی کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق ’فکس اٹ‘ کے بانی اور پاکستان تحریک انصاف کے این اے 243 سے منتخب رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے شہرمیں گندگی کے خلاف ایک بار پھر انوکھا احتجاج کیا اورسیوریج کے پانی سے بھری بالٹی کووزیر اعلیٰ ہاوس کے دروازے پر خالی کردیا جبکہ وہاں تعینات پولیس اہلکار تماشا دیکھتے رہے۔

عالمگیر خان کے انوکھے احتجاج پر رد عمل دیتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی وزیربلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر کچرہ پھینکا گیا پی ٹی آئی کا یہ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے، ہم بھی اپنے کارکنوں کو کہہ سکتے ہیں کہ وزیراعظم ہاؤس بنی گالہ اور وزرا کے گھروں کےباہر کچرہ پھینکیں۔

اُن کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کایہ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اگرسیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرناہےتوگٹرکی ڈھکن کی جگہ خود بیٹھ جائیں۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالمگیر خان کے انوکھے احتجاج کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی ردعمل آنا شروع ہو گیا ہے۔

ٹوئٹر کے ایک صارف نے اپنے رد عمل میں کہا کہ عالمگیر صاحب، کوئی شک نہیں، کہ آپ کراچی کے لیے درد دل رکھنے والے آدمی ہیں، کراچی صاف ہوگیا تو سمجھ لیں کہ آدھا ملک صاف ستھرا ہوگیا. آپ جیسے لوگوں کو سندھ کا وزیراعلیٰ ہونا چاہیے،ان شا اللہ، ان پی پی کے کٹھ پتلی لوگوں سے جلد سندھ کے عوام کی جان چھوٹنے والی ہے آپ کی محنت رنگ لائے گی۔

ایک اور صارف نے پی ٹی آئی رہنما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرامے لگانا ختم کرو اور تمہیں کراچی کے لوگوں نے ووٹ دے کے اسمبلی بھیجا ہے تو ان کے لیے اسمبلی میں بات کرو اور ان کے متعلق کوئی پالیسی بناؤ جو ایک الیکٹڈ نمایندے کاکم ہوتا ہے اور جس سے عوام کو کوئی فائیدہ بھی ہو۔یہ بالٹیاں اوٹھا کر اور ٹریکٹر روڈوں پر گہوم کر ڈرامے نہ لگاؤ ۔


متعلقہ خبریں