کراچی فیکٹری میں آتشزدگی: آگ پر قابو پالیا گیا



کراچی:  سائٹ ایریا میں روئی کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ  کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد آتشزدگی کی وجوہات اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا۔

سائٹ ایریا میں واقع سائٹ اسٹار ٹیکسٹائل فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ کے سبب چھت کا ایک حصہ بھی منہدم ہوگیا ہے۔  حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق بے قابو آگ بجھانے میں فائربریگیڈ کی 12 گاڑیاں مصروف تھیں لیکن آگ کی شدت دیکھ کر حکام نے شہر بھر سے مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلیے۔

ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے پاکستان نیوی کے فائرٹینڈرز بھی جائے وقوع پر پہنچے۔

کراچی فائر بریگیڈ انچارج ڈی ایچ اے نوشیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی سائٹ ایریا میں روئی کے گودام میں آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے کوششیں جاری ہیں گودام میں روئی کی گانٹھیں ہیں جس کی وجہ سے آگ کو قابو کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام کے مطابق شہر بھر کے تمام فائر ٹینڈرز اس وقت لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 15 فائرٹینڈرز اور 12 واٹرٹینکرز کی مدد سے آگ کو بجھایا جا رہا ہے لیکن محتاط اندازے کے مطابق ابھی مزید 5 سے 6 گھنٹے درکار ہوں گے۔

ہم نیوز کو آگ بجھانے کی کوشش میں مصروف ایک فائر افسر نے بتایا کہ تقریباً 80 فیصد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اعلیٰ حکام اور تیکنیکی عملے کی مشاورت کے نتیجے میں فوم کمپاؤنڈ کیمیکل پانی میں شامل کرکےآگ بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے حوالے سے ہم نیوزنے بتایا ہے کہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر قابو نہ پائے جانے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ آگ روئی کے گودام میں لگی۔ اطلاعات کے مطابق گودام میں روئی سے بھری بوریوں کی تعداد زیادہ ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی ایچ اے کے فائر ٹینڈرز بھی آگ پر قابو پانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔

کراچی واٹر بورڈ کے ترجمان کے مطابق اب تک آگ پر قابو پانے کے لیے ٹینکروں کو ایک لاکھ 20 ہزار گیلن پانی فراہم کیا جا چکا ہے جب کہ مزید ٹینکرز بھی پانی لے کر روانہ ہورہے ہیں۔

ترجمان واٹر بورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہائیڈرنٹس اینڈ ٹینکرز سیل کے افسران آتشزدگی کے مقام پر موجود ہیں۔ ہم نیوز کو ترجمان نے بتایا کہ واٹر بورڈ تاحال فائر ٹینڈرز کو پانی فراہم کررہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چیف فائر آفیسر تحسین احمد کا کہنا ہے کہ لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اس میں مزید چند گھنٹے اور لگیں گے۔

انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آگ روئی کے گودام میں لگی ہے جس کے لیے کافی مقدار میں پانی درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت کراچی واٹر بورڈ، فیکٹری مالکان اور سائٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پانی کے ٹینکرز تسلسل کے ساتھ فراہم کئے جارہے ہیں۔

ہم نیوز کے ایک سوال پر تحسین احمد کا کہنا تھا کہ جب تک روئی کو بھگویا نہیں جائے گا اس وقت تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 12 سے زائد فائر ٹینڈرز اور فائر فائٹرز کی ٹیم مصروف عمل ہے۔

چیف فائر آفیسر تحسین احمد نے کہا کہ میئر کراچی کی جانب سے آگ کو بجھانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت آتشزدگی سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں