حج درخواستیں 25 فروری سے چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی



اسلام آباد: وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کردی ہے جس کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے کے خواہش مندوں سے حج درخواستیں 25 فروری سے چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی۔

وفاقی حکومت کی اعلان کردہ حج پالیسی کے تحت جمع ہونے والی درخواستوں کی قرعہ اندازی آٹھ مارچ 2019 کو ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کی قائم حکومت کی اعلان کردہ پہلی حج پالیسی کے تحت شمالی ریجن کے لیے حج اخراجات قربانی کے بغیر چار لاکھ 36 ہزار 975 روپے ہوں گے۔ حجاج کو قربانی کے اخراجات کی مد میں 19 ہزار 451 روپے علیحدہ سے ادا کرنے ہوں گے۔

ملک کے جنوبی ریجن سے تعلق رکھنے والے فرزندان توحید کو حج اخراجات کی مد میں قربانی کے بغیر چار لاکھ 26 ہزار 975 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

وفاقی وزارت مذہبی امور کے اعلان کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ سات ہزار اور نجی اسکیم  کے تحت 71 ہزار 610 افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق نئی حج پالیسی کے تحت 80 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے دس ہزار حج کوٹہ مختص ہے۔ ایک اور کوٹہ بھی ان افراد کے لیے مختص کیا گیا ہے جو گزشتہ تین سال سے ہونے والی قرعہ اندازی میں ناکام رہے ہیں۔ یہ کوٹہ بھی دس ہزار افراد کا ہے۔

اعلان کردہ حج پالیسی کے تحت رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 219 پاکستانی فریضہ حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کا سفر کریں گے۔


متعلقہ خبریں