وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا (کے پی) کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ مسلسل عدم حاضری پر جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

شوکت یوسفزئی کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 کارکنوں کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور شفقت محمود کی آج کی حاضری سے دائر استثنیٰ کی درخواستیں عدالت نے منظور کر لیں جب کہ صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی بریت کی درخواستوں پر آئندہ سماعت پر بحث ہو گی۔

عدالت نے کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں