میڈیکل بنیادوں پر نوازشریف کی ضمانت: سماعت 18 فروری تک ملتوی

نوازشریف کی سزا معطلی درخواست پر سماعت | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر دائر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 18فروری تک ملتوی کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ معاملے کی سماعت کر رہا ہے۔

عدالت نے نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ کون سی درخواست سنی جائے؟  خواجہ حارث نے عدالت کو آگاہ کیا پہلے سزا معطلی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست پر دلائل دوں گا۔ نواز شریف کے وکیل نے سپریم کورٹ کے مختلف مقدمات کے حوالے بھی دیے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ جب پہلی درخواست دائر کی تو کیا میڈیکل گراؤنڈز موجود تھے، کیا میڈیکل گراؤنڈز پر نئی درخواست دائر کی جا سکتی ہے؟

بینچ نے استفسار کیا کہ طبی بنیادوں پر سزا معطلی درخواست سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں سنیں گے۔ جسٹس عامر فاروق  نے  ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے نیب کیسز میں تین حالیہ فیصلے موجود ہیں۔

خواجہ حارث نے بتایا کہ ہماری پہلی سزا معطلی درخواست کے بعد میڈیکل کی صورتحال بنی، سزا معطلی کی پہلی درخواست کے وقت صحت کی یہ صورتحال نہیں تھی۔

یاد رہے کہ  العزیزیہ ریفرنس میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد سابق وزیراعظم نے سزا معطلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ بعد ازاں نوازشریف کی طبیعت خراب ہوگئی تو ان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت میں میڈیکل گراؤنڈ پر سزا معطلی درخواست دائر کی۔

میڈیکل گراؤنڈ پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیراعظم کی رپورٹس بھی طلب کی تھیں۔ خواجہ حارث نے متفرق درخواست میں کہا ہے کہ ہم نواز شریف کی سزا معطلی والی پہلی درخواست واپس لے کر میڈیکل گراؤنڈ والی اپیل پر پیروی کرنا چاہتے ہیں


متعلقہ خبریں