بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس، نیب کو اپنا کام جاری رکھنے کا حکم


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کراچی عملدرآمد کیس میں نیب کو اپنا کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں بحریہ ٹاؤن کراچی عمل درآمد کیس کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

عدالت نے کوس موس ، پرزم اور ٹرائی اسٹار کمپنیز سے متعلق بحریہ ٹاؤن کے پلاٹوں کی بکنگ کی تفصیلات طلب کر لیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بحریہ ٹاؤن سے متعلق عدالتی کارروائی قومی احتساب بیورو (نیب) کے کام پر اثر انداز نہیں ہو گی اور نیب اپنا کام جاری رکھے۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ ہم بحریہ ٹاؤن کے ڈیلرز کو ملزمان کے طور پر نہیں بلا رہےِ انہیں عدالتی معاونت کے لیے بلایا جا رہا ہے اور اگر ڈیلرز مجرم بن کر آنا چاہتے ہیں تو ہم ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیتے ہیں۔

جسٹس عظمت سعید نے بحریہ ٹاؤن کے ڈیلرز سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جو آپ کا مسئلہ نہیں ہے اسے اپنا مسئلہ نہ بنائیں اور اگر آپ سے عدالت کی معاونت نہیں ہو سکتی ہو ہم کسی اور کو کہہ دیتے ہیں۔ آ بیل مجھے مار والا حال نہ کریں۔

بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ عمل درآمد کیس کی سماعت پرسوں تک ملتوی کر دی جائے۔

جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ 14 تاریخ کو تو ویلنٹائن ڈے نہیں ؟ اور سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں