‘‘سندھ کے ایک لاکھ 35 ہزار اساتذہ سائنس، ریاضی پڑھانا نہیں جانتے‘‘



کراچی: وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ایک لاکھ 35 ہزار اساتذہ ایسے ہیں جن کو ریاضی اور سائنس ہی پڑھانا نہیں آتا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے ایجوکیشن ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اساتذہ کی ایک بڑی تعداد کو ریاضی اور سائنس پڑھانا نہیں آتی ۔ سردار شاہ نے کہا ہم  ان اساتذہ کو سسٹم سے نہیں نکال سکتے، انہیں ایڈجسٹ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ جن اساتذہ کو ریاضی اور سائنس کے مضمون پڑھانا نہیں آتا وہ کمزور ہیں لیکن انہیں نکالا نہیں جا سکتا۔ تاہم اب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے اساتذہ بھرتی کریں جنہیں ریاضی اور سائنس جیسے اہم مضامین  بھی پڑھانا آتے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ نئے آنے والے استاد سائنس اور ریاضی کے ہوں تاکہ تعلیمی نظام میں معیار آئے۔ سب کو بیک وقت درست نہیں کیا جاسکتا لیکن ہم نے پالیسی بنالی ہے کہ کیسے نظام کو مکمل طورپردرست کرنا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور مجھے علم ہے کہ صوبہ کے کئی اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال ہیں لیکن انہیں بہتر کرنے میں وقت لگے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کی بہت ساری گنجائش ہے اور یہ کام ہم سب مل کر سکتے ہیں جس میں بیوروکریسی اور اپوزیشن بھی شامل ہیں۔  جس نے بھی اصلاحات کی سفارش کی ہمیں انہیں خوش آمدید کہیں گے کیونکہ یہ بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سسٹم کو بہتر کرنا ہے اور کئی چیلنجز ہمارے سامنے ہیں لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ محکمہ تعلیم میں بہتری کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

 


متعلقہ خبریں