پہلے اور دوسرے این آر او کے بعد لوگوں کا خوف ختم ہوگیا،وزیراعظم


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے اوردوسرےاین آر او کے بعد لوگوں کا خوف ختم ہوگیا،ملک مشکل حالات سے گزررہا ہے.

پاکستان ریلوے لائیو ٹریکنگ سسٹم اور تھل ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ٹرین عام آدمی کی سواری ہے، حکومت کی جانب سے عام آدمی کےلیے سفری سہولت پر توجہ دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ٹریکنگ سسٹم سے ریلوے مسافروں کو آسانی ہوگی، ریلوے ٹرانسپورٹ سسٹم میں بہتری لائیں گے،غیرملکی سرمایہ کاروں سےمل کرریلوےمیں بہتری لائیں گے.

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین سے کئی شعبوں میں مدد چاہتےہیں،چین سے ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرناچاہتے ہیں،ریلوے میں چوری اور کرپشن کیسزنیب کوبھیجیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے باعث پاکستان کا قرضہ30ہزارارب ہوگیا،روزانہ قرضوں پر6 ارب روپےسود دے رہے ہیں، ریلوے میں مزید خرچے کم کرنے ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاوس کے30 فیصد اخراجات کم کردیئے،تمام وزارتیں کم ازکم 10فیصداخراجات کم کریں،گیس پر157ارب روپے کے قرضے ہیں،گیس کی قیمت نہ بڑھائیں توکمپنیاں بند ہوجائیں گی،ملک کا مستقبل روشن ہے۔

این آر او دینا سلیکٹڈ وزیراعظم کا اختیار نہیں،سعید غنی

بعد ازاں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیربلدیات سعید غنی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ این آر او دینا سلیکٹڈ وزیراعظم کا اختیار بھی نہیں،نجانے کون عمران خان سے این آر او مانگ رہا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ملک کا مسئلہ مہنگائی ہے، عمران خان کا مسئلہ خودساختہ این آر او ہے، حج کو مہنگا کرکے دراصل پاکستان کو پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی کی طرح چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی نااہلی کو قرضوں کی آڑ میں چھپارہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت سے محروم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایلیٹ کلاس کیلئے منی بجٹ پیش کرنے والا عام آدمی کے مسائل کیا جانے؟ ماضی کا رونا رو کر عمران خان اپنی نااہلی نہیں چھپا سکتے۔

وزیراعظم نے این آر او ون علیمہ باجی کو جبکہ این آر او ٹو  ڈاکوؤں اور چوروں کو دیا،مریم اورنگزیب

‎پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب  نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‎کتنی دفعہ آپ کو یاد کرایا گیاکہ وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھے ہیں، کنٹینر پر نہیں، اس لئے اپنی تقریر تو بدل لیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے این آر او ون علیمہ باجی کو اور این آر او ٹو پاکستان کے سب سے بڑے ڈاکوؤں اور چوروں کو دے دیا ہے،‎عمران صاحب آج تقریر میں سب سے پہلے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر کم از کم معافی مانگتے۔

‎ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام سے معافی مانگتے کہ چھ ماہ میری نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے گیس اور بجلی کی قیمت میں دو گنا اضافہ ہوا ،چھ ماہ گزر جانے کے باوجود ایک کروڑ اور 50 لاکھ گھر کا کوئی بھی پلان نہیں دے سکا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے کہ  چھ مہینے میں ملک پر قرض میں سو ارب سے زائد کا اضافہ ہوگیا اور مہنگائی کی شرح دو گنا اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہئے کہ وہ قوم سے معافی مانگے کیونکہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ وزیراعظم نے غریبوں کی چھتیں چھینیں ہیں اور بنی گالہ کا محل ریگلولرائز کروایا ہے ،اپنی بہن علیمہ خان اورپاکستان کے سب سے بڑے ڈاکوؤں اور چوروں کو این ار او دے دیا ہے اس پر بھی معافی مانگیں۔

‎ لیگی رہنما کہا کہنا تھا عمران خان عوام کو بتاتے کہ سعودی ولی عہد قائد اعظم یونیورسٹی میں ٹھہریں گے یا پھر وزیر اعظم یونیورسٹی میں ؟


متعلقہ خبریں