نشتر اسپتال ملتان میں ایک اور جعلی ڈاکٹر پکڑا گیا

نشتر میڈیکل کالج کے وی سی کورونا سے شہید

ملتان: نشتر اسپتال سے ایک اور جعلی ڈاکٹر پکڑا گیا۔ نشتر اسپتال ملتان سے پکڑے گئے جعلی ڈاکٹروں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ملزم توقیر ناصر کو پولیس چوکی پہ اس وقت پکڑا گیا جب وہ جعلی ڈاکٹر بن کر مریض کا چیک اپ کرانے آیا تھا۔

نشتراسپتال انتظامیہ نے جعلی ڈاکٹر توقیرناصر کو پولیس کے حوالے کردیاہے جس نے اسے گرفتار کرکے باقاعدہ تفتیش شروع کردی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے کے دوران نشتراسپتال ملتان سے آٹھ جعلی ڈاکٹروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جا چکا ہے۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا نےدرپیش صورتحال کے پیش نظر ایک ٹاسک فورس تشکیل دے رکھی ہے جس کا کام ہی جعلی ڈاکٹروں پہ نگاہ رکھنا اوران کی نشاندہی کرنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بعض ’نوسر باز‘ جعلی ڈاکٹروں کا روپ دھار کر مریضوں کو ٹیسٹ، چیک اپ اورآپریشن کی آڑ میں جھانسہ دے کر رقوم بٹورا کرتے تھے۔ اس ضمن میں یہ اطلاعات بھی ہیں کہ بعض افراد نئے ڈاکٹرز کا روپ دھار کر اسپتال کی حدود میں داخل ہوتے تھے۔

نشتر اسپتال کے سیکیورٹی اسٹاف نے ایک ایسے جعلی ڈاکٹر کو بھی گرفتار کیا تھا جس نے خود کو سرجری کا نہ صرف ڈاکٹر بتایا بلکہ اپنا سروس کارڈ بھی دکھایا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ جس نام کا کارڈ اس کے پاس تھا اس نام کا کوئی بھی ڈاکٹر شعبہ سرجری میں نہیں تھا۔

ایک جعلی ڈاکٹر نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا تھا کہ وہ مریضوں کے رشتہ داروں کو آمادہ کرتا تھا کہ وہ اپنے عزیز کو نجی اسپتال منتقل کردیں جہاں سے اس کو کمیشن ملتا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نشتر اسپتال سے ایک ایسا جعلی ڈاکٹر بھی گرفتار کیا گیا تھا جو گزشتہ آٹھ ماہ سے سینئر ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر آپریشن بھی کرتا رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق خود کو ڈاکٹر حارث کہلانے والا ملزم مریضوں کے جلد آپریشن کے نام پر پیسے بھی بٹورتا تھا۔

جعلی ڈاکٹر حارث کے متعلق یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ وہ صرف ایف ایس سی پاس تھا اور خان گڑھ کا رہائشی تھا۔

نشتراسپتال سے ایک جعلی ڈاکٹر اس وقت پکڑا گیا تھا جب وہ ایمرجنسی وارڈ میں رات کی ڈیوٹی کرنے آیا تھا۔ وہ نجی کلینک کا ملازم تھا۔ اس کی شناخت محمد سہیل کے نام سے ہوئی تھی۔

محمد سہیل نامی جعلی ڈاکٹر بھی مریضوں کے رشتہ داروں سے پیسے بٹورتا تھا۔ اس کو بھی اسپتال کی سیکیورٹی نے شک ہونے پر پکڑا تھا۔


متعلقہ خبریں