سعودی عرب فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، شاہ سلمان


ریاض: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب یروشلم دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے یہ بات فلسطینی صدر محمود عباس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ فلسطینی صدر نے ان سے ریاض میں ملاقات کی۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق بات چیت میں فلسطین کی تازہ صورت حال کے متعلق گفتگو ہوئی۔ فلسطینی صدر نے  شاہ سلمان اور سعودی عرب کی جانب سے فلسطینیوں کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ریاض میں ہونے والی بات چیت میں سعودی عرب کی طرف سے ریاض کے گورنر فیصل بن بندر بن عبدالعزیز ، وزیر مملکت اور وزارتی کونسل کے رکن شہزادہ منصور بن متعب بن عبدالعزیز ، وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور وزیر خزانہ محمد الجدعان موجود تھے۔

صدر محمود عباس کے وفد میں تنظیم ِ آزادیِ فلسطین ( پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات ، شہری امور کی اتھارٹی کے سربراہ شیخ حسین ، جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ ماجد فراج ، صدر کے مشیر برائے سفارتی امور ماجدی خالدی اور سعودی عرب میں متعین فلسطینی سفیر باسم عبداللہ الآ غا شامل تھے۔


متعلقہ خبریں