40 بندوں کی لائن لگی ہے،سب جیل جائیں گے، شیخ رشید



راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ 40 بندوں کی لائن لگی ہوئی ہے سب جیل جائیں گے۔

شیخ رشید احمد نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر تھل ایکسپریس کو راولپنڈی سے ملتان کے لیے روانہ کر دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی پرنس اور متحدہ عرب امارات کے سربراہ سے ذاتی تعلق بنائے ہیں۔ اب دورہ سعودی عرب تاریخی دورہ ہو گا اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں تاریخی سرمایہ کاری ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کس طرح ملک کو لوٹا گیا۔ میں بھی وزیراعظم ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس جاتا کیونکہ آئی ایم ایف ہماری مجبوری ہے یہاں ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ میرا قوم سے وعدہ ہے کہ ملک بھر میں ٹرین کا جال بچھا دیں گے۔ کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک کا معاملہ بھی رواں ماہ حل ہو جائے گا۔ 14 سال سے جو کالج رکا ہوا تھا اس ماہ اس کا بھی افتتاح کر دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ ملک میں جہاں جہاں غریب آبادی ہے وہاں تک غریب کے لیے پٹری بچھا دوں گا۔ ٹرین آپ کی ہے اور میں بھی آپ کا ہوا ہوں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے مزدوروں کو ایک اسکیل دینا ہے اور پولیس کی تنخواہیں بھی بڑھائیں گے۔ تھل ایکسپریس ملتان سے کراچی تک بھی جائے گی۔ تھل ایکسپریس مزدوروں نے بنائی ہے اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔


متعلقہ خبریں