پنجاب کے 50 فیصد تعلیمی اداروں میں منشیات استعمال ہو رہی، مراد راس


اسلام آباد: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے  انکشاف کیا ہے کہ  پنجاب میں 50 فیصد اسکولوں میں منشیات کا استعمال ہو رہا ہے، اور اس کے استعمال میں طلبا اور طالبات دونوں شامل ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ منشیات کی وجہ سے چار دوست اکھٹے موت کی گھاٹ جا چکے ہیں اور ان کے والدین شرم کی وجہ سے اپنے بچوں کی موت کا سبب لوگوں کو بتانے سے قاصر تھے۔

ان کا کہنا تھا حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں پولیس اور اے این ایف کے حکام شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں منشیات کی فروخت کے پیچھے چھپے گروہ کو پکڑنا ہے۔ تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کے  حوالے سے آگاہی مہم چلائے جائے گی۔

والدین کے رویے کے باعث بچے منشیات کی لت میں پڑتے ہیں،ڈاکٹر معصوم یاسین زئی

ریکٹر اسلامیک یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ پاکستان میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، اور اس میں زیادہ تر تعداد نوجوان لڑکے لڑکیوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک تحقیق سے ثابت ہوا کہ وہ بچے منشیات کا استعمال کرتے ہیں جن کے والدین آپس میں لڑائی جھگڑا کرتے ہوں، ہمارے معاشرے میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اپنے بچوں کے سامنے شراب اور سیگریٹ پیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منشیات کی آسانی سے دستیابی ایک منشیات کے پہلاؤ کا اصل سبب ہے۔

ایک طالبہ نے ہم نیوز کے پروگرام  ندیم ملک لائیو میں میزبان سے گفتگوکرتے ہوئے اسلام آباد کی جامعات  میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان سے متعلق بتایا  کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت ہو رہی ہے، منشیات کی فروخت میں بسوں کے ڈرائیور اور یونیورسٹی کے گارڈز اعلی کار بنتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹیوں میں ٹوکن، ڈانسنگ پلز، شراب  اور چرس جیسے نشے کئے جا رہے ہیں اور نوجوانوں میں ڈانس پارٹیوں کا رجحان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

ہمارا پورا سسٹم ہی کرپٹ ہو چکا ہے، عامر کیانی 

وفاقی وزیرصحت عامر کیانی نے کہا ہے کہ  ہمارا پورا سسٹم ہی کرپٹ ہو چکا ہے، اکثر تھانوں تعلیمی اداروں اور دیگر اداروں میں بھی منشیات فروخت کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن تعلیمی اداروں میں والدین بچوں کو پڑھنے کے لئے بھجتے ہیں،وہاں جا کر تعلیم حاصل کرنے کی بجائے نشے کی لت میں پڑ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف قوانین موجود ہیں مگر ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

عامر کیانی نے کہا کہ اس کا حل یہ ہی ہے کہ ایسا ماحول بنایا جائے جس میں بچوں کو ایسی چیزوں سے دور رکھا جائے، ہمارے اسکولوں میں فیسیں تو بہت زیادہ ہیں مگر کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے کوئی میدان ہی موجود نہیں ہے۔

اس حکومت میں جسم عمران خان کا جبکہ روح مشرف کی  ہے، پرویز رشید

رہنما مسلم لیگ ن پرویز رشید نے کہا ہے کہ میں سابق نہیں برطرف وزیراطلاعات ہوں، مشرف نے قانون کی سب سے بڑی خلاف ورزی کی ہے اور ان  خلاف ورزیوں میں آئین کو منسوخ کرنا اور ججوں کو گرفتار کرنا جیسے جرائم شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت میں جسم عمران خان کا ہے روح مشرف کی ہی ہے، یہ لوگ کہتے تھے پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الٰہی ہیں انہی کے ساتھ این آر او کر کے  انہیں پنجاب اسمبلی اسپیکر بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح میڈیا کا گلا مشرف دور میں گھونٹا جاتا تھا اسی طرح اس حکومت میں بھی میڈیا پر دباو رکھا جا رہا ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ ہم عدالت کے ذریعے انصاف چاہتے ہیں اس کے علاوہ پاکستان کا آئین کوئی دوسرا راستہ نہیں دکھا تا ہے،مریم بھی ایک مقدمے میں نااہل ہیں مجھے امید ہے انکی نااہلی جلد ختم ہو جائے گی جس کے بعد وہ عملاً سیاست میں قدم رکھیں گی۔

 


متعلقہ خبریں