پی ایس ایل 4 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب


دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کی افتتاحی تقریب کا انعقاد دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کیا گیا جس میں عالمی شہرت یافتہ ملکی و غیر ملکی فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ تقریب میں معروف فنکار آئمہ بیگ، جنون، فواد خان اور دیگر نے اپنے فن کا جادو جگایا۔

فواد خان نے پی ایس ایل کے ترانے پر پرفارم کیا جبکہ آئمہ بیگ نے مشہور زمانہ گانے ’ڈسکو دیوانے‘ پر تماشائیوں کا دل جیت لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ کچھ بہترین کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

معروف امریکی گلوکار پٹ بل پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کرسکے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں اس حوالے سے معذرت بھی کی۔

انہوں نے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ‘میں خوش تھا کہ تقریب میں شریک ہوں گا مگر بدقسمتی سے طیارے کے انجن میں خرابی کے سبب ایسا نہیں ہوسکا۔ امریکی گلوکار نے مؤقف اپنایا کہ دبئی کا سفر طویل ہے جس کی وجہ سے وہ وقت پرنہیں پہنچ سکے۔

پٹ بل نے اپنے پاکستانی مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ سال ضرور آئیں گے۔

پی ایس ایل سیزن فور کا ٹائیٹل سانگ فواد خان کے حصے میں آیا اور وہ  ایک نئے انداز سے اسٹیج پر اپنے چاہنے والوں کے لیے جلوہ گر ہوئے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ایس ایل کا افتتاحی میچ، افتتاحی تقریب کے بعد  لاہورقلندرز اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں میں کئی تبدیلیاں دکھائی دیں گی لیکن ان کے عزائم جیتنے والے ہوں گے جس کی وجہ سے ایک سخت اورکانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کو اس مرتبہ ماضی کی نسبت زیادہ بڑے ناموں کی کارکردگی سے فیض یاب ہونے کا موقع میسر نہیں آئے گا جس کی وجہ سے وہ فہیم اشرف، حسین طلعت، آصف علی اور شاداب خان پر انحصارکرے گی۔

پی ایس ایل سیزن فورکے ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق 26 میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں ہوں گے جب کہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2