اسلام آباد میں پھل دار درخت لگانے کا منصوبہ


اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوشنما اور خوشبوداربنانے کے لیے پھل دار درختوں کولگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 500 پھل دار درخت لگائے جائیں گے جن میں آلو بخارہ، جامن، آڑو، امرود، لوکاٹ اورچیکو شامل ہیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارت صحت نے اس مقصد کے لیے زمین بھی حاصل کرلی ہے۔

اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں یہ منصوبہ شامل تھا کہ شہر اقتدار کی سبزی اور پھل اس علاقے سے حاصل کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے چک شہزاد کے قریب باقاعدہ زمین بھی مختص کی گئی تھی۔

ابتدا میں یہ بات نہایت واضح تھی کہ چک شہزاد کے اطراف کا علاقہ صرف سبزیوں اور پھلوں کی کاشتکاری کے لیے مختص ہے اور کسی کو بھی رہائشی یا تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لگائی جانے والی پابندیوں کا خاتمہ ہو گیا۔

اسلام آباد میں اس وقت عملاً صورتحال یہ ہے کہ سبزیاں اور پھل بیرون شہر سے لا کر فروخت کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے نرخ بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شروع میں پھل دار پودے فضل الحق روڈ کی گرین بیلٹ پر لگائے جائیں گے۔ لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت وزارت صحت اور اردگرد آباد افراد کریں گے۔

خبررساں ایجنسی نے وزارت صحت کے ذرائع سے بتایا ہے کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے گرین بیلٹ وزارت صحت کے حوالے کردی ہے۔

اسلام آباد میں شروع کی جانے والی پھل دار پودوں کی شجر کاری دراصل وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ بلین ٹری سونامی منصوبے کا حصہ ہے۔ وفاقی وزارت صحت کے مطابق آئندہ مرحلے میں دیگر مقامات پر بھی پھل دار درخت لگائے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پھل دار درخت لگانے سے شہریوں کو نہ صرف صاف ستھری آلودگی سے پاک صحت بخش فضا میسر آئے گی بلکہ ان افراد کو بھی بیماریوں سے نجات ملے گی جو موسم بہار کے آغا زمیں پولن الرجی کا شکار ہوجاتے ہیں۔

پولن الرجی کا بڑا سبب شہر اقتدارمیں لگے ہوئے جنگلی شہتوت سمیت چند دیگر درختوں کو قرار دیا جاتا ہے۔ سی ڈی اے گزشتہ کچھ عرصے سے اس منصوبے پر عمل پیرا ہے کہ پولن الرجی کا سبب بننے والے درختوں کے بجائے وہ پودے لگائے جائیں جو بیماری کا سبب نہ بنیں۔


متعلقہ خبریں