پاک امریکا تعلقات اہم موڑ میں داخل ہو چکے ہیں، محمود قریشی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات اہم موڑ میں داخل ہو چکے ہیں۔ افغان امن میں پاکستان کے کردارکی دنیا نے تعریف کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے جرمنی کے دورے پر روانگی سے قبل نیو اسلام آباد ائرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میونخ میں گلوبل سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی جا رہا ہوں اور پاکستان کا نقطہ نظرسب کے سامنے رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان پوری دنیا میں اس وقت زیر بحث ہے جب کہ میونخ میں افغان صدراشرف غنی بھی تشریف لا رہے ہیں اور وہ کانفرنس کے دوران پینل ڈسکشن میں افغانستان کا نقطہ نظرپیش کریں گے۔

پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات اہم موڑ میں داخل ہو چکے ہیں جب کہ کانفرنس میں امریکی کانگریس کے وفد سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ امریکی کانگریس کا بہت بڑا وفد جس میں 9 سینیٹرز اور 10 ہاؤس آف ریپریز ینٹیٹو شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شاہ محمود قریشی نے افغان صدر کا بیان مسترد کر دیا

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکے ہیں اور میری پہلے دن سے کوشش تھی کہ ان تعلقات کو ازسرنو استوار کیا جائے۔ جس میں پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ امریکا کے حالیہ بیانات انتہائی مثبت ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ افغان امن کے لیے دنیا پاکستان کی کوششوں کی تعریف کر رہی ہے اور انگلیاں اٹھانے کے بجائے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کانفرنس میں میری روس، جرمنی، کینیڈا اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

انہوں ںے اپنی ذاتی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین کے خارجہ امور کی نمائندہ موگیلینی سے بھی ملاقات کی کوشش کروں گا تاکہ ہم پاکستان اور یورپین یونین کے مابین اسٹریٹیجک انہانسمنٹ پلان کو حتمی شکل دے سکیں۔


متعلقہ خبریں