مقبوضہ کشمیر: کار بم دھماکہ، 44 بھارتی فوجی ہلاک

مقبوضی کشمیر میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد جائے وقوع کا فوٹو، رائٹرز


مقبوضہ کشمیر: مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع  کے مطابق دھماکے سے فوجیوں کو لے جانے والے دو بسوں کو نقصان ہوا۔ دھماکہ ضلع پلوامہ کے علاقے اوانتی پورہ میں ہوا۔ فوجی کانوائے میں 70 گاڑیاں شامل تھیں جو جنوں سے سری نگر جا رہی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین برس کے دوران بھارتی فوج پر ہونے والا بدترین حملہ ہے جس میں بھارتی فورسز کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔

بھارتی فورسز کے مطابق حملہ آوروں نے کار بھارتی فوجیوں کی ایک بس سے ٹکرا دی جبکہ  قافلے میں شامل دونوں بسوں میں ڈھائی ہزار اہلکار موجود تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حملے میں کم ازکم 20 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ دھماکے کے بعد ہرطرف دھواں پھیل گیا جبکہ انسانی اعضا سڑک پر بکھر گئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی قربانی ضائع نہیں جائے گی۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ پوری بھارتی قوم متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

واضح رہے ایک روز قبل مقبوضہ کشمیر کے ایک اسکول میں دھماکے کے باعث 25 اسٹوڈنٹس زخمی ہوگئے تھے جبکہ وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں