وزیراعظم سعودی ولی عہد کا استقبال خود کریں گے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد کا استقبال خود کریں گے، انہیں اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی اور پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ باقاعدہ ورکشاپ ہوگی جس میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدے ہوں گے، سعودی عرب گوادر میں آٹھ ارب ڈالر مالیت کی آئل ریفائنری لگائے گا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے لئے ویزا فری پالیسی کا بھی کام کیا گیا ہے، سعودی ولی عہد کے دورے سے گزشتہ دس سالوں سے زیادہ سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

’طالبان کے مذاکرات اس دفعہ پاکستان میں ہوں گے‘

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کے اندر پاکستان کا کردار کافی مثبت رہا، طالبان کے مذاکرات اس دفعہ پاکستان میں ہوں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ولی عہد کا  یہ دورہ ایک گیم چینجر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے میں جو معاشی معاہدے ہوں گے ان کی تعداد گزشتہ دس سالوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے چھ ماہ کے اندر خارجہ پالیسی میں کافی کامیابی حاصل کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے لوگوں کو پاکستان میں سیاحت کی سہولیات حاصل ہیں۔

’پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے، پاکستان نے مسلم امہ کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے، افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

چوہدری فواد نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ میں کابینہ کے 26 اجلاس ہوئے، جن میں اب تک 440 فیصلے کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں میں کابینہ کے اجلاسوں میں تسلسل نہیں تھا، 43 فیصلے ایسے ہیں جن پر عمل درآمد ہونا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ انڈسٹریل زونز میں گیس اور بجلی فوری طور پر لگائی جائے گی، پوری دنیا سے پاکستان میں سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

’شہباز شریف کی رہائی لمحہ فکریہ ہے‘

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی رہائی سے قوم پر منفی اثر پڑے گا، ان کی رہائی نیب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب کو شہباز شریف کی ضمانت کو چیلنج کرنا چاہیے اور امید ہے کہ نیب اس فیصلے کو چیلنج کرے گا۔

کابینہ اجلاس، سعودی ولی عہد کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ

اس سے قبل ہم نیوز کے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سعودی ولی عہد کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے کابینہ کو سعودی شہزادے کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزارت خارجہ نے دورہ کے شیڈول کی تفصیلات سےکابینہ کو آگاہ کیا، کابینہ کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔