ڈیل ہوچکی ہے، حکومت روک سکتی ہے تو روک لے،رہنماء پیپلزپارٹی کا دعوی



اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی نے دعوی کیا ہے کہ شریف خاندان کا این آر اوہوچکا ہے۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیل ہوچکی ہے، حکومت روک سکتی ہے تو روک لے۔ نوازشریف ملک سے باہرچلے جائیں گے اور یہ روتے رہ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے بعد نوازشریف کی ضمانت بھی منظورہوجائے گی، مریم نوازبھی بیرون ملک چلی جائیں گی۔

رہنما پیپلزپارٹی نے شہبازشریف کی ضمانت کی منظوری کے حوالے سے کہا کہ اس پر نیب کو معافی مانگنی چاہیے کہ انہوں نے گرفتار کرلیا لیکن کرپشن کے ثبوت نہیں تھے۔

نوازشریف کی بھی ضمانت منظور ہوجائے گی، رانا تنویر

مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا تنویر نے کہا کہ  این آراو کی تمام باتیں دم توڑ گئی ہیں، ضمانت اس لیے ہوئی کہ الزامات جھوٹے ہیں۔ضمانت فیصلہ نہیں ہے۔ نوازشریف کے کیس میں بھی یہی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام سے جوعدے کیے ہیں، ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں کیا ہے، وہ بہادراتنے ہیں جب دہشتگردی کا کیس بنا تو یہ پہاڑوں پر چڑھ گئے۔

رہنماء مسلم لیگ ن نے کہاکہ  پاکستان کو جو اہمیت دی جارہی ہے یہ ایک عالمی پالیسی ہے، سب کچھ جلد واضح ہوجائے گا، انہوں نے تاریخ سازقرض لیا ہے۔

شیخ رشیداپنے بیانات کادفاع خودکریں گے،علی نوازاعوان

تحریک انصاف کے رہنماء علی نوازاعوان کا کہنا تھا کہ  حکومت کا موقف پہلے دن بھی یہی تھا،آج بھی یہی ہے کہ ہم این آراو نہیں دیں گے، نہ کسی سے ڈیل  اور نہ ہی کسی سے ڈھیل ہوگی۔

ان کاکہنا تھا کہ اگر پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن نے کرپشن نہیں کی تو ملک کا پیسہ کہاں گیا ہے، آج ہم اربوں روپے کے مقروض ہیں۔

رہنماء تحریک انصاف نے کہا کہ  شیخ رشید کے جو بیانات ہیں، ان کا دفاع وہ خودکریں گے، ان کی پالیسی سے اختلاف ہے، انہوں نے اسپیکرقومی اسمبلی کے بارے میں جو ریمارکس دیئے ہیں ان سے افسوس ہوا ہے۔

علی نوازکا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک شخص ملک بہترکرنے کی کوشش کررہا ہے، یہ سارے اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے عوام کے پیسوں سے سیاست کی ہے۔

 

 

 


متعلقہ خبریں