سعودی ولی عہد سے پہلے قریبی ساتھیوں کی پاکستان آمد شروع

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ولی عہد سے پہلے قریبی ساتھیوں کی آمد شروع ہوگئی۔ محمد بن سلمان کے دورے کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے چھ رکنی سعودی وفد ملائیشیا سے اسلام آباد پہنچ گیا۔ آٹھ بڑے ہوٹلوں کے سات سو پچاس ایگزیکٹو کمرے بھی بک ہو چکے ہیں۔ 40 افراد پرمشتمل وفد اور ایک سو تیس رائل گارڈز سولہ فروری کوآئیں گے۔

سعودی ولی عہد کے دورے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ راولپنڈی سے اسلام آباد تک سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

محمد بن سلمان کی رہائش، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے ملائیشیا سے سعودی عرب کا 6 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ وفد خصوصی طیارے پرنور خان ایئربیس پہنچا۔

اسلام آباد کے آٹھ بڑے ہوٹلوں کے 750 ایگزیکٹو کمرے بھی بک ہیں۔ سعودی ولی عہد کے ہمراہ 40 افراد پر مشتمل وفد اور 130 رائل گارڈز 16 فروری کی سہہ پہر کو پہنچیں گے۔ دو سی ون تھرٹی طیاروں میں سات بی ایم ڈبلیوز، ایک ٹیوٹا لینڈ کروز سمیت سعودی ولی عہد کا ذاتی سامان پہنچ چکا ہے۔ رائل فیملی کے لیے 300 پراڈو گاڑیاں پہلے ہی بک ہیں۔

حساس ادارے سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے ہوٹلوں کے انتظامات 15 فروری کو سنھبالیں گے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جڑواں شہروں میں سینکڑوں چوکیاں قائم کر دی ہیں۔ ریڈ زون 15 فروری سے سیل ہوگا۔ انتظامیہ نے ڈرون کیمرے اڑانے پر پابندی عائد کردی ہے۔