فیاض الحسن چوہان کا خود پر جادو ہونے کا دعویٰ



لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے آج نامور صحافی منو بھائی کی یاد میں منعقدہ  تقریب کے دوران خطاب میں دعویٰ کیا کہ ان پر جادو ہونے لگا ہے اور ان کے کمرے سے ہڈیاں بھی ملنے لگ گئی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہم حکومت میں اپنی نسلوں کو پالنے کے لیے ہرگز نہیں آئے، ہماری سوچ ایک ہی ہے کہ پاکستان کی بہتری کیلئے جو کر سکتے ہیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ منو بھائی سے ملا تو نہیں لیکن منو بھائی کی بہت سی تحریریں پڑھی ہیں، ادب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے جو کر سکا کروں گا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ فنکاروں اور اداکاروں کو کسی کے لیے بوجھ نہیں بننا چاہیے۔ صوبائی وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اب تو ان پر جادو ہونے لگا ہے، ان کے کمرے سے ہڈیاں بھی برآمد ہونے لگی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا کہ سب ہی مافیاز نے ان کے خلاف جادو ٹونے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

’ڈی جی پی آر مافیا اور کلچرل منسٹری کے لوگوں نے خریدنے کی کوشش کی، جب انہوں نے دیکھا کہ کچھ نہیں ہورہا تو انہوں نے مجھ پر جادو ٹونے شروع کردیے۔ الحمراء ہال میں موجود میرے آفس سے ہڈیاں نکلنا شروع ہوگئیں۔‘

انہوں نے کہا کہ میں بھی کہوں ہر دو ہفتے بعد یہ خبریں کیوں آجاتی ہیں کہ فیاض الحسن چوہان کو ہٹایا جارہا ہے، انہیں یہ نہیں معلوم کہ خدا نے ایک بہت بڑا جن مجھے بھی عطا کیا ہوا ہے۔

’فیصلے کے بعد بڑے حکومتی ترجمان کا ذہنی توازن بگڑ گیا‘

فیاض الحسن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ نواز مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد بڑے حکومتی ترجمان کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے کے اوپر جادو کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، ‎سچائی سن، دیکھ اور پڑھ کر ان پر جادو ہوجاتا ہے اور حواس کھو بیٹھتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎فیصلہ آتے ہی پنجاب میں ترجمان پر جادو ہوگیا ہے، انہوں نے ہڈیاں ملنے کے انکشافات شروع کردئیے ہیں، فیصلے سے نجانے اور کس کس حکومتی وزیر ومشیر پر اثرات پڑے ہیں اور پڑنے والے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالی ان کو میرٹ پر آنے والے عدالتی فیصلہ کو برداشت کرنے کی ہمت دے، مخالفین کی جلد صحت یابی کے لئے  دعا گو ہیں۔


متعلقہ خبریں