سعودی ولی عہد اور وفد کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد


اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ان کے وفد کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد کر دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ٹرپل ون بریگیڈ سعودی وفد کی سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گا، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

رینجرز کے تین ونگ جبکہ لائٹ کمانڈو بی این کی دو بٹالین تعینات کی جائیں گیں۔ زرار اینٹی ٹیررسٹ یونٹ کی ایک بٹیالین، ائیر ڈیفنس کی ایک بیٹری فضائی نگرانی کرے گی۔

اس کے علاوہ ایس ایل سی ٹو ریڈار ،دو مختلف مقامات پر نصب کئے جائیں گے، ایوی ایشن کے چھ عدد ایم آئی سترہ طیارے فضائی نگرانی کریں گے۔

انٹیلی جینس کی دو بٹالین جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 28  ٹیمیں کام کریں گیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایمبولینسز میڈیکل عملہ سمیت لگ بھگ بارہ ہزار افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سعوی سفارت خانے کے حکام کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی تھی۔

خصوصی سیکیورٹی پلان کے تحت پولیس اور رینجرز کے دو ہزار سے زائد اہلکار اسلام آباد میں تعینات ہوں گے۔

میٹروبس سروس راولپنڈی تک محدود رہے گی جبکہ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر بند رہے گی۔

سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل سیکیورٹی ٹیمیں ریہرسل کریں گی۔اہلکاروں کو بھی خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے۔

محمد بن سلمان کی آمد سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ اورسیکیورٹی کو کلیئر کرایا جائے گا۔لاہور اور پشاور سے آنے والے ٹریفک کو ایکسپریس وے استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔

ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا جارہا ہے، فیض آباد سے راول ڈیم چوک اور کشمیر چوک تک ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔