ایئر بس نے سپر جمبو طیارے کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کردیا


اسلام آباد: یورپ کی مشہور زمانہ طیارہ ساز کمپنی ایئربس نے اپنے عالمی شہرت یافتہ طیارے سپر جمبو کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اعلان پر عمل درآمد 2021 سے ہو گا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اعلان ایمرٹس ایئر لائن اور ایئر بس کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ پریس ریلیز میں کیا گیا ہے۔

ایئر بس نے رواں سال جنوری میں کہا تھا کہ اگر اُسے اے – 380 کی فراہمی کے مزید آرڈرز نہ ملے تو وہ اس کی پیداوار کو روک دے گی۔

خبررساں ادارے کے مطابق ایئربس کا مؤقف ہے کہ وہ اب تک اس طیارے کی تیاری میں ایک بلین امریکی ڈالرز کا خطیر نقصان برداشت کرچکی ہے۔

اعلان کردہ فیصلے کے متعلق ایئربس کا کہنا ہے کہ فی الوقت اسے طیاروں کی خریداری میں اضافے کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔

اس ضمن میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا ہے کہ ایئر بس کا سپر جمبو طیارہ بوئنگ – 747 کی مارکیٹ کو بھی کم کرنے یا محدود کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔

آخری تیار کردہ  اے -380 ہوائی جہاز دبئی کی جہاز راں کمپنی ایمرٹس کو فراہم کیے جائیں گے جو اس بڑے طیارے کی سب سے بڑی خریدار ہے۔ ایمرٹس ایئرلائن کے متعلق یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ اس طیارے کو تنہا سہارا دیے ہوئے تھی۔

دلچسپ امر ہے کہا ایمرٹس نے گذشتہ سال 39 سپرجمبو طیاروں کا آرڈر دیا تھا لیکن گزشتہ روز ہی اس نے ان کی جگہ ایئربس کے جدید اے-350 اوراے-330 خریدنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں