مصر: السیسی کو 2034 تک صدر رہنے کا اختیار مل گیا


قاہرہ: مصرکی پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے آئینی ترمیم منظور کرلی ہے جس کے تحت موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی 2034 تک مصر کے صدر رہیں گے۔

عالمی خبررساں ایجسنی کے مطابق آئینی ترمیم کی حمایت میں 485 ووٹ ڈالے گئے جب کہ صرف 14 ارکان نے ترمیم کی مخالفت کی۔

جنرل عبدالفتاح السیسی 2014 میں اخوان المسلیمن کی حکومت کو برطرف کرکے برسرِاقتدار آئے تھے۔

2013 میں مصرکے صدر محمد مرسی نے جنرل عبدالفتاح السیسی کو فوج کا سربراہ بنایا تھا۔ انہوں نے ہی محمد مرسی کی حکومت کا خاتمہ کردیا تھا۔

جنوری 2014 میں مصر کے طاقتور فوجی سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ انہیں اس عہدے پر ترقی دینے کا اعلان عبوری صدرعدلی منصور نے صدارتی فرمان کے ذریعے کیا تھا۔ جس وقت انہیں ترقی دی گئی اس وقت وہ 59 سال کے تھے۔

جون 2014 میں جب صدارتی انتخابات منعقد ہوئے تو اس وقت عبدافتاح السیسی کے مدمقابل صرف ایک امیدوار تھے حمدین صباحی جنہیں عوام میں مقبولیت بھی حاصل تھی لیکن انتخابات میں وہ بری طرح ہار گئے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 25,578,233 ووٹروں نے نئے صدر کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا جن میں سے 96.91 فیصد ووٹ عبدالفتاح السیسی کو ملے تھے۔

مصر کی سرکار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 47.5 فیصد رہا تھا۔


متعلقہ خبریں