محمدبن سلمان کا دورہ،اسلام آباد میں میٹرو بس ،واکنگ ٹریلزبند رہینگی

محمدبن سلمان کا دورہ پاکستان،اسلام آباد میں سخت سکیورٹی انتظامات

اسلام آباد: محمدبن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر واکنگ ٹریلز بند کرنے، میٹروبس سروس کا روٹ محدود کرنے اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمدبن سلمان کے دورہ پاکستان کے لیے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کاسلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے عارضی طورپرٹریل ٹو،تھری، فائیو اور سید پور ویلج ٹریل بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ تمام واکنگ ٹریلز 15 تا 17 فروری عوام کے لیے بند ہوں گے۔

انتظامیہ کی جانب سے فیض آباد تا ریڈ زون میٹرو بس سروس کو بھی 16 اور 16 فروری کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام سے متبادل راستے اختیارکرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیب کی ملتان میٹرو بس کرپشن کیس میں گرفتاریاں

دوسری طرف اسلام آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکشن جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق پابندی کا اطلاق 16 فروری سے 17 فروری تک ہوگا۔

ان دو دنوں کے درمیان پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کاروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد انتظامیہ نے 15 فروری 3 بجے سے 17 فروری تک  ریڈ زون میں شہریوں کے داخلہ پر پابندی عائد کر دی ہے، ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیرضروری سفرسے اجتناب کی درخواست کی ہے۔

دوروزقبل اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سعوی سفارت خانے کے حکام کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی تھی جس کے تحت پولیس اور رینجرز کے دو ہزار سے زائد اہلکار اسلام آباد میں تعینات ہوں گے۔

سعودی وفد کی سکیورٹی کے فرائض  ٹرپل ون بریگیڈ سر انجام دے گا، اس کے علاوہ رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔