راولپنڈی پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈائون



راولپنڈی: پولیس نے پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 108 ملزمان کو گرفتار کرکے 105 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ہم نیوزکے مطابق راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کررکھا ہے جس کے دوران  یکم جنوری 2019 سے آج تک 32800 پتنگیں، 450 ڈوریں، ایک کار، 3 سوزوکی وینز، اور ایک موٹر سائیکل قبضے میں لے لی ہے۔

پولیس نے پتنگ بازی اور فروشی سے وابستہ 128 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف 105 مقدمات درج کرلیے ہیں۔

پولیس نے پتنگ بازی اورفروشی کی حوصلہ شکنی اور پابندی یقینی بنانے کے لیے تھانوں کی گشت والی گاڑی پر اعلانات کا سلسلہ شروع کررکھا ہے، پولیس کی جانب سے اعلانات کیے جارہے ہیں کہ بچوں کو پتنگ بازی سے روکا جائے کہ پتنگ اڑانا جرم ہے،پتنگ اڑانے والے بچوں کے والدین کے خلاف مقدمہ درج ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت کا تہوار بحال کرنے کااعلان کیاتھا جس پرمختلف حلقوں سے تنقید ہوئی تھی جس کے بعد حکومت نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

پنجاب بھر میں انسانی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر2007 سے پتنگ بازی پرپابندی عائد ہے۔


متعلقہ خبریں