پلوامہ حملے کا فائدہ مودی کو پہنچتا ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کا فائدہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پہنچتا ہے جو الیکشن لڑ رہے ہیں اور ہار رہے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کو تنازع کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ہم حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن بھارتی قیادت جنگی جنون میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان کے حالات بہتر ہونے لگتے ہیں اس طرح کے حالات بنادیے جاتے ہیں تاہم ہم امن کی بات کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان امن دونوں ملکوں کی عوام کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کی عوام کے لیے ضروری ہے تاہم بھارتی قیادت کا رویہ افسوس ناک ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ظاہر ہے کہ بھارت کے 130 کلو میٹر اندر حملہ ہوا تو گاڑی پاکستان سے ٹرانسپورٹ نہیں ہوسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں 360 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا، ظاہر ہے وہ پاکستان سے نہیں گیا ہے، جنہوں نے حملہ کیا ہے وہ مقامی ہے ان کا پاکستان سے تعلق نہیں، بھارتی قیادت اپنے گریبان میں جھانکنے کے بجائے ہمیشہ کی طرح فوری طور پر آسان طریقہ اپناتے ہوئے پاکستان پر الزام عائد کردیتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ یہ وہی علاقہ ہے جہاں 100 سے زائد دس سے کم عمر بچے شہید ہوچکے ہیں، بھارت میں ہر دس کشمیریوں کے اوپر ایک بھارتی فوجی تعینات ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے واقعے کے چند منٹ بعد ہی پاکستان پر الزامات عائد کرنا شروع کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حلف اٹھانے سے قبل ہی بھارت کو کہا تھا کہ آپ ایک قدم بڑھائیں ہم دو قدم بڑھائیں گے۔

’ہم افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کررہے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری لانا چاہتے ہیں، ہم پاکستان میں کاروبار دوست ماحول بنانا چاہتے ہیں، اس طرح کے واقعات سے ان کو نقصان پہنچتا ہے۔‘

سعودی ولی عہد کے دورے میں تاخیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دراصل ان کا دورہ 17 تاریخ سے ہی شروع ہونا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دیگر ممالک کے دوروں میں کچھ تبدیلی آئی اس وجہ سے دورہ پاکستان کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی۔


متعلقہ خبریں