میدانی علاقوں میں دھند کا راج


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے جب کہ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑ سکتی ہے۔

لاہور میں مطلع صاف ہونےکے باوجود صبح کے وقت سردی کی شدت برقرار رہی۔ محکمہ موسمیات نے آج کم ازکم درجہ حرارت8 اور زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

پنجاب کے ضلع ناروال اور گردونواح میں شدید دھند کا راج ہے۔ دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور  حد نگاہ صفر ہو گئی ہے۔ نیو لاہور روڈ پرشدید دھند کے باعث ٹریفک جزوی طور پرمعطل ہوچکی ہے۔ سیالکوٹ براستہ نارووال لاہور ٹرینوں کی آمدر سست روی کا شکار ہے۔

حافظ آباد اور گردونواح میں دھند کا راج ہے جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ لاہور سے شیخو پورہ تک موٹروے دھند کی وجہ سے بند ہ ہے۔ پھول نگر، جمبر، پتوکی، بستی ملوک، لودہراں بائی پاس میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ 100 میٹر تک رہ گئی ہے۔

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال نہ کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کوہاٹ،  گوجرانوالہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

قلات اور زیارت میں سب سے زیادہ سردی پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی06 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کالام منفی05، مالم جبہ منفی04، گوپس منفی03، کوئٹہ، سکردو، میرکھانی، ہنزہ میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں