نواز شریف کا میڈیکل بورڈ آج علاج کی حکمت عملی بنائے گا

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیر اعظم  نواز شریف کا میڈیکل بورڈ آج طبی معائنہ کرکے مزید علاج کے لیے حکمت عملی بنائے گا۔

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا جناح اسپتال میں آج دوسرا روز ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور مریم نواز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جناح اسپتال میں ملاقات کی۔

شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی شہباز شریف کو صحت و تندرستی دے۔

اسپتال میں کارکنان کی نعرے بازی پر شہباز شریف غصے میں آگئے اور کارکنان کو نعرے لگانے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسپتال ہے کوئی جلسہ گاہ نہیں، یہاں نعرہ بازی نہ کریں۔

نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کی سربراہی کارڈ ڈیک اسپیشلٹ زبیر اکرم کر رہے ہیں جب کہ میڈیکل بورڈ کو سپروائز علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل عارف تجمل کر رہے ہیں۔

نواز شریف کو اس سے پہلے دل کا عارضہ اور گردوں میں پتھری کی تشخیص کی گئی تھی اور نواز شریف کا جناح اسپتال میں طبی معائنہ بھی کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

اگلا جمعہ جاتی عمرہ میں ادا کروں گا، نواز شریف

نواز شریف نے جناح اسپتال میں ڈاکٹرز کو معائنے کے دوران کمر درد کی شکایت کی۔ میڈیکل بورڈ آج نواز شریف کا طبی معائنہ کرکے مزید علاج کے لیے حکمت عملی بنائے گا۔

نواز شریف کو طبیعت کی خرابی کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے جناح ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز نواز شریف کے لیے چھ رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بورڈ میں پروفیسر زبیر اکرم کو میڈیکل بورڈ کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ دیگر اراکین میں پروفیسر شفیق چیمہ، پروفیسر عباس رضا، پروفیسر شوکت اور پروفیسر اشرف ضیا کو شامل کیا گیا۔

میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کے تمام ٹیسٹ دوبارہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

اس سے قبل نواز شریف نے 14 فروری کو جیل میں ملاقات کے لیے آنے والوں سے کہا تھا کہ وہ اگلا جمعہ جاتی عمرہ میں ادا کریں گے جب کہ پاکستان تحریک انصاف ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں