فوادچوہدری کی کراچی اور اسلام آباد پریس کلب میں داخلے پرپابندی



اسلام آباد:  وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے کراچی کے بعد اسلام آباد پریس کلب میں بھی داخلے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل قرار نے اپنے ویڈیوپیغام میں وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری پر پابندی کااعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیراطلاعات کے صحافیوں کے لیڈروں سے ناروا سلوک کیخلاف ان پر پابندی کا اعلان کرتے ہیں، وہ پریس کلب میں ہونے والی کسی تقریب میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

شکیل قرار نے کہا کہ ملک بھر میں صحافیوں کو نکالنے پروفاقی حکومت بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ حکومت نے میڈیا کے نمائندوں کا موقف نہیں سنا، پریس کانفرنسزمیں مائیک اٹھانے سے شروع ہونے والا سلسلہ اب بائیکاٹ تک چلا گیا ہے، حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے۔

اس سے قبل صدرکراچی یونین آف جرنلسٹ اور رکن جوائنٹ ورکرزایکشن کمیٹی فہیم صدیقی کا بھی ویڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ہاوسز سے جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اورکٹوتی جیسے اقدامات پر میڈیا مالکان کی حمایت کرنے اور خود بھی میڈیا ورکردشمن اقدامات کرنے پر وفاقی حکومت کیخلاف فائنل راونڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پرپابندی عائد کردی گئی ہے اور شہر بھر میں ہونے والی تمام سرکاری تقریبات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صدرکراچی یونین آف جرنلسٹ نے تمام صحافیوں سےاپیل کی تھی کہ وہ کراچی میں وفاقی حکومت کی تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

تین دن قبل صدرپریس کلب لاہورارشادانصاری نے بھی وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری کےصحافیوں کے وفد کو انتظار کرانے اورپھر ملاقات نہ کرنے پراحتجاج کیا تھا، وفاقی حکومت کی جانب سے نارواسلوک پر انہوں نے فوادچوہدری کے لاہورپریس کلب میں داخلے پرپابندی کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے ملک بھر کے صحاٖفیوں سے اپیل کہ وہ وفاقی وزیراطلاعات کا پریس کلبوں میں داخلہ بند کریں اور سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی وفاقی وزیراطلاعات کے جارہانہ رویے کے باعث ان کے سینیٹ میں داخلے پرپابندی عائد کرچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں