رانجھانی قتل کیس: رحیم شاہ کی پستول پر لائسنس کا نمبر مٹے ہونے کا انکشاف


کراچی: ارشاد رانجھانی قتل کیس میں تحقیقات کے دوران فرانزک رپورٹ میں رحیم شاہ کی پستول پر لائسنس کا نمبر مٹا ہوا نکلا۔

ارشاد رانجھانی قتل کیس میں گرفتار ملزم رحیم شاہ سے سے 9 ایم ایم پستول برآمد کیا گیا تھا جسے فرانزک کے لئے بھیجا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ کے مطابق ملزم رحم شاہ نے واقعہ میں  جو پستول استعمال کیا وہ ٹمیپرڈ نکلا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رحیم شاہ کے پستول پر نمبر مٹا کر دوسرا نمبر پنچ کیا گیا تھا، فرانزک کے بعد پسٹل کا اصل نمبر بیرل کے اندر سے  نکل آیا ہے۔

کیس پر بات کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ ارشاد رانجھانی قتل کیس میں وزیر اعلیٰ برہم ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پولیس وزیراعلیٰ کی ہی ہے جبکہ ارشاد رانجھانی کو سی سی ٹی وی کیمروں میں رحیم شاہ کا پیچھا کرتے دیکھا گیا ہے۔

کراچی کے ڈسٹرکٹ ملیر کورٹ میں ارشاد رانجھانی کیس کی سماعت ہوئی عدالت نے ملزموں کو انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج کے پاس پیش کرنے کی ہدایت  کردی۔

عدالت نے رحیم شاہ اور انسپکٹر عامر ریاض کے جسمانی ریمانڈ میں اٹھارہ فروری تک توسیع کردی۔


متعلقہ خبریں