ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا امکان

ملک بھر میں آج بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک کے  مختلف حصوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد کے مختلف حصوں میں جب کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ملک میں کہیں بادلوں نے ڈیرا ڈال رکھا ہے تو کہیں دھوپ موجود ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب  کے اکثرشہروں  میں مطلع ابرآلود ہے جب کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی بادل چھائے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، قلات، مکران، مالاکنڈ، ہزارہ اور گوجراانولہ ڈویژن میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ راولپنڈی اسلام آباد میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ

سندھ میں آج موسم مکمل طور پر سرد اور خشک رہے گا جب کہ بارش کا کہیں امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں بھی صبح سویرے ٹھنڈے ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے جب کہ مطلع بھی ابر آلود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر حصوں میں خشک ہوائیں موجود ہیں جب کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار کی شام سے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا۔

اتوار کو سب سے زیادہ سردی اسکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جب کہ قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ کا درجہ حرارت منفی دو جب کہ مری میں دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ روز بھی ملک بھر میں موسم خشک رہا اور سردی کی شدت میں کمی دیکھی گئی تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں