نواز شریف کا ٹروپ آئی ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے گا

نواز شریف کو ٹروپ آئی ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے گا

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کا جناح اسپتال لاہور میں تیسرے روز بھی علاج جاری ہے۔ نواز شریف کا ٹروپ آئی ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے گا۔

عارضہ قلب سمیت مختلف امراض میں مبتلا نوازشریف بدستور لاہور کے جناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ پانچویں میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کے پہلے کیے گئے علاج کی رپورٹس مانگ لی ہیں۔

ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر حمید کے مطابق نواز شریف کی رپورٹس سے متعلق اُن کے اہلخانہ اور جیل حکام کو آگاہ کر دیا ہے جب کہ روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر حمید نے بتایا کہ نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول میں ہے جب کہ سابق وزیر اعظم شوگر اور بلڈ پریشر کی پہلے سے جو دوائیں استعمال کر رہے ہیں وہی ادویات جاری ہیں۔

نواز شریف کو دل کا دورہ پڑا بھی تھا یا نہیں؟ یہ جاننے کے لیے ایک بار پھر ان کا ٹروپ آئی ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ اس سے قبل بھی دو بار یہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جو ایک بار مثبت اور ایک بار منفی آیا تھا۔

اگلا جمعہ جاتی عمرہ میں ادا کروں گا، نواز شریف

ایم ایس جناح اسپتال کے مطابق نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس فائنل ہونے کے بعد رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوا دی جائے گی۔

نواز شریف کو طبیعت کی خرابی کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جب کہ گزشتہ روز اسپتال میں نواز شریف کی ای سی جی اور ایکو کی گئی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور مریم نواز نے گذشتہ روز نواز شریف سے ملاقات کی تھی جب کہ مریم نواز نے اپنے والد کے ساتھ کھانا بھی کھایا تھا۔

نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کی سربراہی کارڈ ڈیک اسپیشلٹ زبیر اکرم کر رہے ہیں جب کہ میڈیکل بورڈ کو سپروائز علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل عارف تجمل کر رہے ہیں۔

نواز شریف کو اس سے پہلے دل کا عارضہ اور گردوں میں پتھری کی تشخیص کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں