حیدرآباد: حکومت کا ہڑتالی ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا مکمل طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

فوٹو: فائل


حیدرآباد :سندھ میں حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں ہڑتالی ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ میں ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی کے بعد حکومت نے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور وزارت صحت نے ڈیوٹی کا بائیکاٹ کرنے والے ڈاکٹرز کی فہرستیں طلب کی ہیں۔

محکمہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) صحت نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور سندھ بھر میں اسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹس کو لیٹر جاری کیا ہے۔ جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اسپتالوں اور اداروں کے انتظامی سربراہان او پی ڈیز میں عملے اور ڈاکٹرز کی حاضری کو یقینی بنائیں۔

محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹرز کو ضابطوں کے مطابق ڈیوٹی کرنے کے لیے سختی سے ہدایات کی جائیں، خلاف ورزی کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف ضوابط کے تحت کارروائی شروع کی جائے جبکہ جو ڈاکٹرز اسپتالوں میں ڈیوٹی نہیں کر رہے ان کی لسٹیں فراہم کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں ینگ ڈاکٹرز نے دوبارہ ہڑتال کر دی، مریض پریشان

لیٹر کے متن کے مطابق صورتحال سے متعلق فوری طورپر محکمہ کو آگاہ کیا جائے تاکہ ضروری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ حکومت نے ڈاکٹرز کی ہڑتال اور ڈیوٹی نہ دینے کا سخت نوٹس لیا ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے نان پروفیشنل رویئے کے باعث غریب مریض علاج کی سہولت سے محروم ہیں۔ اسپتالوں کی موجودہ صورتحال سے عوام کو سخت پریشانی سے دوچار ہیں۔

چار روز قبل سندھ میں ینگ ڈاکٹرز نے دوبارہ ہڑتال شروع  کی

چار روز قبل سندھ میں ینگ ڈاکٹرز نے دوبارہ ہڑتال شروع کردی ہے جس کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

اس سے قبل لاہور اور کراچی کے ینگ ڈاکٹرز نے ایک بار پھر احتجاج کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی سندھ نے کہا تھا کہ  سندھ حکومت نے تنخواہوں میں اضافے سے متعلق اپنے وعدوں پرعملدرآمد نہیں کیا۔ سات روز میں تنخواہوں کے اضافہ کا نوٹفیکشن جاری کیا جانا تھا جو ابھی تک نہیں کیا گیا۔ جس کے باعث دوبارہ احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔


متعلقہ خبریں