پنجاب: پولیو قطرے دس سال تک کی عمر کے بچوں کو پلانے کا فیصلہ

انسداد پولیو مہم: 3 روز میں 87 فیصد ہدف حاصل

فوٹو: فائل


لاہور میں پولیو کیس سامنے آنے پر پنجاب حکومت نے پولیو قطرے دس سال تک کی عمر کے بچوں کو پلانے کا فیصلہ کرلیا۔

اتوار کے روز وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی صدارت میں لاہور میں اجلاس ہوا جس میں انسداد پولیو سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں پولیو قطرے پلانے کے لیے بچوں کی عمر کی حد پانچ سال سے بڑھا کر دس برس کرنے پر اتفاق ہو گیا۔

ڈی جی ہیلتھ پنجاب سے پولیو پروگرام کی ذمہ داریاں واپس لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

منصوبے کے لئے گریڈ 20 کا الگ سربراہ تعینات کیا جائے گا جو چیف سیکرٹری کو جواب دہ ہو گا۔

وزیراعلیٰ نے فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف باتوں سے کام نہیں چلے گا، بچے قوم کا مستقبل ہیں، انہیں پولیو سے بچانا سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، پنجاب سمیت ملک کو پولیو فری بنانا مشن ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پولیو سے متعلق فوکل پرسن نے انکشاف کیا تھا کہ کراچی اور لاہور سمیت پاکستان کے 10 بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہروں میں فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، کراچی، سکھر، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، ڈی آئی خان، پشاور اور جنوبی وزیرستان کے شہر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کی تصدیق نشاندہی کرتی ہےکہ بچوں کو پولیو کا خطرہ ابھی بھی مو جودہے۔ فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا قومی فریضہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیر سے شروع ہونے والی مہم میں والدین اپنے بچوں کوانسداد پولیو قطرے ضرور پلائیں۔


متعلقہ خبریں