ایران کی جانب سے الزام تراشی پر تعجب ہے، شاہ محمود قریشی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی پر تعجب ہوا ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری ایرانی وزیر خارجہ سے بات ہوئی ہم ایران میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران سے دہشت گردی کے واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق ثبوت مانگے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی صورت کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا کیونکہ دہشت گردی کبھی بھی ہماری پالیسی نہیں رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے ایران کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ پہلے بھی تعاون کرتے رہے ہیں اور ہم اپنے ہمسائے کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان پر الزام پر تعجب ہوا ہے۔ وزرائے خارجہ کی سطح پر ایسی الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔

عادل الجبیر نے کہا کہ ہم سب کو دہشت گردوں کے معاملے میں سخت مؤقف اپنانا ہو گا اور ہم دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کثیر الجہتی پاک امریکہ تعلقات ناگزیر ہیں۔ شاہ محمود قریشی

دو روز قبل ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے الزام لگایا تھا کہ حال ہی میں ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں ہونے والے ایک خودکش حملے کے ذمہ داران کی پاکستان سکیورٹی فورسز پشت پناہی کرتی ہیں۔

بدھ کو پاک ایران سرحد سے متصل سیستان میں ہونے والے حملے میں پاسدران انقلاب کے کم از کم 27 محافظ ہلاک اور 20 محافظ بھی زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ ایران میں سنّی مسلمان جنگجو گروپ جیش العدل نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مذکورہ حملے کے ذمہ دار ہیں۔

اس سے قبل ستمبر میں ایران کے جنوبی مغربی شہر اہوز میں فوجی پریڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔