ڈی ویلیئرز کے بعددیگرکھلاڑیوں کی پاکستان جانیکی امید

ڈی ویلیئرز کے پاکستان جانے سے مزید کھلاڑی پاکستان جانے کے لئے آمادہ ہوں گے: اسمتھ

جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم اسمتھ نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے لئے پاکستان جانے کے فیصلے کے بعد امید ہے مزید بین الاقوامی کھلاڑی بھی پاکستان جانے کےلئے آمادہ ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹیلنٹ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی ہے، پاکستان میں ہمیشہ بہت اچھا ٹیلنٹ ابھر کے سامنے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کارکردگی اور ان کے ٹیلنٹ سے بہت متاثر ہوا ہوں، دونوں کھلاڑیوں کا مستقبل بہت روشن ہے۔

سابق جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ ورلڈ الیون ٹیم کا دورہ پاکستان اور پی ایس ایل جیسے اقدامات پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے کافی مدد گار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی اس کی ٹیم کا معیار اتنا ہی بہتر ہوگا۔

واضح رہے سابق پروٹیز کپتان پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں بطور کمنٹیٹر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ ماہ  جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اوربلے باز اے بی ڈی ویلیئر نے پاکستان آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے راہ ہموار کرنا چاہتا ہوں۔

پاکستان سپر لیگ میں جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور پروٹیز بلے باز لاہور قلندرز میں پلاٹینیئم کیٹیگری کا حصہ ہوں گے،بلے باز نے اپنے ٹویٹر پیغام کے ذریعے مداحوں کو پاکستان آمد کی خبرسنائی تھی۔


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2