بی جے پی کا کھلواڑ: پاکستانیوں کے بعد ثانیہ مرزاکو بھی نہیں بخشا


اسلام آباد: امن و شانتی کی دشمن اور فرقہ وارانہ فسادات پہ یقین رکھنے والی بھارت کی انتہاپسند حکمران جماعت بی جے پی نے پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں کے بعد اب خود اپنے ملک کے کھلاڑیوں کے خلاف بھی کمر کس لی ہے اورانہیں بھی نفرت کی آگ میں بھسم‘ کرنے پہ آمادہ ہوگئی ہے۔

پاکستان اور مسلمان دشمنی میں اندھی ہونے والی بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو ’برانڈ ایمبسیڈر آف تلنگانہ‘ کے منصب سے فارغ کیا جائے۔

دنیا میں بھارت کو عالمی شہرت دلانے والی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا حیدرآباد دکن سے تعلق رکھتی ہیں اورریاست تلنگانہ نے 2014 میں انہیں ازخود اپنا برانڈ ایمبسیڈر چنا تھا۔

عالمی سطح پر کھلاڑیوں اور فنکاروں کو ان کے اپنے ملک کا ’سفیر‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

جنوبی بھارت کی ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے واحد رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے مطابق ثانیہ مرزا پاکستان کی ’بہو‘ ہیں، یعنی ان کا سب سے بڑا ’قصور‘ یہی ہے کہ وہ شعیب ملک کی اہلیہ ہیں۔

ثانیہ مرزا اور پاکستان کے اسٹار کرکٹر شعیب ملک کے درمیان اپریل 2010 میں شادی ہوئی تھی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹی راجہ سنگھ نے وزیراعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ کو بھیجے گئے پیغام میں کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان سے ہر طرح کے تعلقات منقطع کرلیے جائیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹی راجہ سنگھ نے یہ مطالبہ پلوامہ واقع کے تناظر میں کیا ہے۔

بی جے پی کے رکن اسمبلی نے خود کو ہی قانون ’قرار‘دیتے ہوئے یہ فیصلہ بھی سنا دیا کہ ثانیہ مرزا جو پاکستانی سے شادی کرنے کی وجہ سے بھارتی شہری بھی نہیں ہیں اور پاکستانی بہو ہیں کو برانڈ ایمبسیڈر آف تلنگانہ کے منصب سے ہٹا دیا جائے۔

ثانیہ مرزا بدستور آئینی و قانونی اعتبار سے بھارت کی شہری ہیں اور اس کی جانب سے عالمی مقابلوں میں باقاعدگی سے حصہ لیتی ہیں۔ اسی طرح شعیب ملک پاکستان کے شہری ہیں۔

دنیائے ٹینس میں عالمی شہرت یافتہ بڑا نام ثانیہ مرزا اور پاکستان کرکٹ کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک زیادہ تر دبئی میں رہتے ہیں۔ اکتوبر 2018 میں ثانیہ مرزا نے بیٹے کو اپنے آبائی شہر حیدرآباد دکن میں جنم دیا تھا۔

بھارت کے مؤقر اخبار’انڈیا ٹوڈے‘ نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کے متعلق لکھا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کے خلاف بات کرنے والوں کو انہوں نے باقاعدہ دھمکیاں دیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں ٹی راجہ سنگھ کی وجہ شہرت زہرافشانی اورمتعصبانہ رویے کی ہے۔ ماضی میں بھی کئی تلخیاں ان سے وابستہ بتائی جاتی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق پلوامہ واقع کے ماسٹر مائنڈ کو سیکیورٹی فورسز نے پلوامہ ڈسٹرکٹ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے ایک مقابلے میں جان سے ماردیا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق اس مقابلے میں بھارتی فوج کے میجر سمیت چار جوان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

پاکستان نے پیدا شدہ صورتحال پر غور و خوص اور صلاح و مشورے کے لیے دہلی میں متعین اپنے ہائی کمشنر سہیل محمود کو اسلام آباد بلا لیا ہے۔

عالمی سیاسی مبصرین پلوامہ واقع سے پہلے بھی یقین رکھتے تھے کہ حکومتی، معاشی، اقتصادی اور سماجی لحاظ سے ’زیرو‘ کارکردگی کی حامل ’بی جے پی‘ موقع کی تلاش میں رہے گی اورپوری کوشش کرے گی کہ پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے اور ملک کے اندr نفرتوں کے الاؤ جلا کر آئندہ عام انتخابات میں اپنی کامیابی کو یقینی بنا سکے وگرنہ آئندہ عام انتخابات میں اسے اپنی ’سیاسی موت‘ یقینی نظر آرہی ہے۔


متعلقہ خبریں