بھارت کے دو جنگی طیارے آپس میں ٹکرا گئے



بنگلور: بھارت کے دو جنگی طیارے تربیتی مشقوں کے دوران گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔ حادثے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ منگل کی صبح بنگلور میں پیش آیا۔ زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جہاز ٹکرانے سے قبل دونوں پائلٹس نے پیرا شوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا دی تھی۔ دونوں پائلٹس تجربہ کار تھے اور بین الاقومی ایئر شوز میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ طیاروں کے پر ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا۔

بھارتی ٹی وی چینل ٹائمز ناؤ کے مطابق دونوں پائلٹس بری طرح زخمی ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد دی جاری ہے۔

بھارت کی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق طیارے ایئر شو کی ریہرسل کر رہے تھے اور فضا میں آپس میں ٹکرا گئے۔

بھارتی جنگی طیاروں کا ملبہ رہائشی آبادی کے قریب گرا۔ بھارتی ایئرفورس اور مقامی پولیس کی جانب سے علاقہ کی ناکا بندی کردی گئی تھی۔ ٹیمیوں نے ملبے سے ثبوت و شواہد اکٹھے کیے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتا چلا جا سکے۔

حادثے کے بعد آگ بجھانے والی گاڑیاں، پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی تھیں۔

بھارت کے ریٹائرڈ ایئر مارشل پی کے باربورا نے کہا ہے کہ اس حادثے کی ذمہ داری ٹیکنیکل اسٹاف پرعائد ہوتی ہے۔

قبل ازیں یکم فروری 2019 کو بھی بھارت کا لڑاکا طیارہ گر تباہ ہوا تھا جس سے دو پائلٹس ہلاک ہوگئے تھے۔ یکم فروری کا حادثہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا تھا جس میں لڑاکا طیارہ میراج 2000 اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد نامعلوم وجوہات کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔

28 جنوری 2019 کو بھی بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ’جیوگر‘ گرکر تباہ ہوا تھا جس میں پائلٹ محفوظ رہا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لڑاکا طیارہ جیوگر اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد بے قابو ہوگیا اور ریاست اترپردیش کےعلاقے خوشی نگر کے جنگل میں گرکر تباہ ہوا۔


متعلقہ خبریں