لاہور ائر پورٹ بند، مسافروں کا احتجاج

لاہور ائر پورٹ بند، مسافروں کا احتجاج

فوٹو: پم نیوز


لاہور: لاہور ائرپورٹ کا رن وے ایک بار پھر خراب ہو گیا۔ رن وے خراب ہونے کی وجہ سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

لاہور ائر پورٹ کے رن وے پر گڑھا پڑھنے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی 10 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں جب کہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز کو اسلام آباد ائر پورٹ پر اتار لیا گیا۔

علامہ اقبال ائرپورٹ کے رن وے کو گڑھا پڑنے کی وجہ سے دو بجے تک پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد ائرپورٹ پر اتاری جانے والی قومی ائرلائن کی پرواز پی کے 760 کے مسافروں نے جہاز میں ہی احتجاج کیا اور باہر نکلنے سے انکار کر دیا۔

پرواز میں لاہور کی دو میتیں بھی موجود تھیں جنہیں جدہ سے لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

پی آئی اے کا کیبن کریو کے سامان کی چیکنگ کا فیصلہ

لاہور ائر پورٹ سے پیرس میلان جدہ کراچی جانے اور آنے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ پروازیں تاخیر کا شکار ہونے پر لاہور ائرپورٹ پر بھی مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔

واضح رہے کہ لاہور ائرپورٹ پر ایک ہفتے قبل بھی گڑھا پڑ گیا تھا اور اس وقت بھی مین رن وے بند کرنا پڑا تھا۔

دو ہفتے قبل لاہور سے مدینہ جانے والی قومی ائر لائن کی پرواز پی کے 747 کو تکنیکی خرابی کے باعث کراچی میں اتار لیا گیا تھا اور ڈھائی گھنٹے بعد طیارہ تبدیل کر کے مسافروں کو روانہ کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ پی آئی اے نے بوئنگ 777 سمیت 8 طیارے گراؤنڈ کر دیے جس کی وجہ سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن متاثر ہوا۔

پی آئی اے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث آٹھ جہازوں کو گراؤنڈ کیا گیا جب کہ لیز پر لیے گئے طیاروں کی بھاری رقم ادا کی جارہی ہے اور اندرون ملک پروازیں بھی منسوخ ہو رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں