پاک بھارت کشیدگی: اقوام متحدہ نے ثالثی کی پیشکش کردی


نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ساتھ ہی یہ پیش کش بھی کی ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت رضامند ہوں تو وہ اقوام متحدہ ان کے درمیان تصفیہ کرانے کو بھی تیار ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے پاکستان اور بھارت کو تمام ممکنہ احتیاط برتنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز ہی پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس کو لکھے گئے خط میں کیا تھا۔

پاکستان کے  وزیرخارجہ نے سیکریٹری جنرل سے فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت تحقیقات کے بغیر پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خود بھارت کے مطابق حملہ آور کشمیری تھا لیکن الزام پاکستان پر دھردیا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے مؤقف اپنایا تھا کہ بھارت اپنے داخلی مقاصد کے تحت پاکستان دشمن بیانات سے خطے کا ماحول کشیدہ بنا رہا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی فوری مداخلت ضروری ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ ان کا خط فوری طور پر سلامتی کونسل کے ارکان کو پہنچایا جائے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق چین نے پاکستان اور بھارت کو تحمل مزاجی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مذاکرات کی راہ اپنائیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے بیجنگ میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ممالک ہیں۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اپنے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی راہ اختیار کریں گے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ خطے میں استحکام  کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قیام امن ضروری ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ پر چین خوش ہے۔

سی پیک کے متعلق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت پر پہلے ہی فریم ورک طے پا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ہر طرح کی مشاورت کے لیے تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں