ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ منسوخ نہیں ہوگا، آئی سی سی

ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ منسوخ نہیں ہوگا، آئی سی سی

فائل فوٹو


دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019  میں پاک بھارت میچ منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کا کوئی میچ منسوخ نہیں کیا جارہا اور نہ ہی ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی کوئی وجہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہم پی سی بی اور بی سی سی آئی کے ہمراہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تمام مقابلے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کی ٹکٹوں کیلئے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اپلائی کیا اور لوگوں میں کافی جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ اس ٹورنامنٹ کا سب سے نمایاں مقابلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں

 پاکستان کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ

بھارت میں پی ایس ایل4 کا بلیک آؤٹ

یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی شدت پسند تنظیموں نے کرکٹ کو بھی انتہائی پسندی کے بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ عمران خان سمیت دیگر کرکٹرز کی تصاویر بھی اسٹیڈیم سے ہٹا دی گئی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 4 کے میچز بھی بھارت میں نہیں دکھائے جارہے۔

کرکٹ کلب آف انڈیا کے سیکرٹری سریش بفنہ نے بھارتی بورڈ کو تجویز دی تھی کہ کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کے ساتھ میچ نہ کھیلا جائے۔

واضح رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بسوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نیتجے میں 44 فوجی ہلاک ہوئے۔

اس حملے کے فوری بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل زہر اگلا جا رہا ہے اور الزامات لگائے جا رہے کہ اس حملے کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔

بعد ازاں پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی بھارت کا پرانا وطیرہ ہے جو ماضی میں بھی ہمیشہ ناکام رہا ہے، اگر ویڈیو بیان بھارتی دعوے کی تصدیق کرتا ہے تو پھر بھارت کو کلبھوشن یادیو کے بیان کو بھی تسلیم کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں