بھارت نے جارحیت کی تو فوج کے ساتھ کھڑے ہونگے، زرداری


اسلام آباد: آصف علی زرداری نے کہا کہ نابالغ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی اور بیک سیٹ ڈرائیور کو سیاست کی سمجھ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان پہلے ہی آئیسولیٹ تھا اور ان کے آنے کے بعد اور بھی آئیسولیٹ ہو چکا ہے۔ آج کے دور میں کوئی بھی ملک اکیلا ترقی نہیں کر سکتا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی آمد پر حکومت نے اپوزیشن کو نہ بلا کر مس ہینڈلنگ کی، اگر آپ  نے اسی طرح حکومت چلانی ہے تو چلائیں، ہم نے ان کو ٹائم دیا کہ حکومت چلے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کوئی پیش رفت ہوتی ہے تو پاکستان پیپلزپارٹی اپنے فوجی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسپیکر سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منگی صاحب سندھ سے ہیں اور اپنی ہی بجلیاں گراتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ نظر ثانی درخواستوں  پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرتے ہیں، ہم ماضی میں بھی کیسز دیکھ چکے ہیں، جیل میرا دوسرا گھر ہے اور بلاول بھی نہیں ڈرتا کیوں کہ وہ بھی میرا ہی بیٹا ہے، ہم پر گھیرا تنگ نہیں ہوسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا احتجاج عوام کو ملنے والی ناکافی سہولیات اور گیس بجلی کی بلوں پر ہے۔

18ویں ترمیم کے سوال پر زرداری نے کہا کہ ہم نے الیکشن کے دوران  زورد ڈالا، میں کہہ چکا ہوں کہ میرے خلاف ایسا کیس بناؤ کہ غدار قرار دے دو لیکن چوری کے کیسز نہ بناؤ، مجھے تمام کیسز میں انصاف ملے گا، 18 ویں ترمیم کے خلاف غداری کا الزام بھی قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ پہلے ڈیل کی ہے نہ اب کریں گے، ہم کیسز کا سامنا کریں گے۔


متعلقہ خبریں