عالمی عدالت میں پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے، فواد


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی عدالت میں پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت بتائے کہ کلبھوشن کب ریٹائر اور کم عمر میں کیوں ریٹائر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کا پاسپیورٹ اصلی ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ فیصلہ میرٹ پر ہو گا، پاکستان نے زبردست طریقے سے اپنا کیس لڑا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی کارکردگی سے الیکشن لڑیں، جانوں کے ساتھ کھیل کر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دنیا بھارت کا موقف نہیں مان رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو پورا جواب دیں گے، ہم دفاع کرنا جانتے ہیں، ہم نے چوڑیاں نہیں پہنیں، کشمیری برادری پر ظلم کی اتنہا ہو رہی ہے۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔ نیب اپنا کام کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو(نیب) نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو اسلام آباد سے گرفتارکرلیا۔

گرفتاری کے بعد ان کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آغا سراج درانی کو تین دن میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی پر سرکاری فنڈز میں خرد برد  اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کا شمار آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں