پی ٹی وی میں تقرریاں: فواد چوہدری، نعیم الحق آمنے سامنے


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپنے ہی پارٹی رہنما نعیم الحق کو دبے لفظوں میں سخت پیغام دے دیا۔

پی ٹی وی میں اعلیٰ سطحی تقرری کے تنازع میں دونوں رہنما آمنے سامنے آگئے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت میں پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے، فواد

نعیم الحق نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پی ٹی وی اور اس کی انتظامیہ پر مکمل بھروسہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ بی بی سی کی طرز پر پی ٹی وی ایک آزاد ادارے کی طرح کام کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اسے یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کرے گی۔

اس ٹوئٹ کا جواب فواد چوہدری نے شاعرانہ انداز میں کچھ اس انداز میں دیا۔

‏ہوا ہے شہ کا مصاحب پھرے ہے اتراتا

‏وگرنہ شہر میں غالبؔ کی آبرو کیا ہے

بعدازاں فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر اپنے ردعمل میں نعیم الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی میں نئے آنے والوں کو عمران خان کے فلسفے کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مضبوط نظریاتی تحریک ہے، تحریک انصاف کی کامیابی قیادت کے پر عزم ہونے کی وجہ سے ہے۔

نعیم الحق کے مطابق پارٹی قیادت نے انصاف اور شفافیت کا علم بلند کیا ہوا ہے، قیادت کے نظریہ کے مخالف کا پارٹی میں کوئی مستقبل نہیں۔


متعلقہ خبریں