بھارتی پروپگینڈے پر دنیا سے رابطے میں ہیں، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے پروپگینڈا کے حوالے سے پاکستان کا دنیا کے تمام ممالک سے رابطہ ہے، ہم اس معاملے پر دنیا کے تمام دارالحکومتوں کو اپنا مؤقف پیش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی ترجیحات سب کے سامنے ہیں، اس کو افغانستان کے امن سے سروکار ہے، امریکہ جانتا ہے کہ بھارت محض سیاست کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان کی توجہ مغربی سرحد سے ہٹا کر مشرقی سرحد کی طرف کرنا چاہتا ہے جس سے افغانستان کے معاملات کو نقصان پہنچے گا، بھارت امریکہ کے راستے میں دیوار کھڑی کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا اگر بھارت کے پاس اس حملے کو لے کر حقائق ہیں تو وہ سب کے سامنے رکھے، یہ نیا پاکستان ہے ہم حقائق کا سامنا کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں بطور وزیرخارجہ پاکستان کا ترجمان ہوں اور میں نے کئی مرتبہ اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ امتیازی  سلوک کر رہی ہے.سردار لطیف کھوسہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر کو آج گرفتار کر لیا گیا جب کہ حکومت کے اپنے کئی وزرا پر کرپشن کے الزامات ہیں مگر انہیں تو نیب کی جانب سے کبھی کچھ نہیں کہا گیا۔

سردار لطیف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انتقامی کارروائی کر رہے ہیں ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے، انہیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیئے۔

زرداری کے لئے سندھ سے کوئی کھڑا ہو گا ایسا نظر نہیں آتا، اویس توحید

سینئر صحافی اویس توحید نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنماؤں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے لئے تو سندھ کی عوام کھڑی ہو سکتی تھی، آصف علی زرداری کے لئے کوئی کھڑا ہو گا ایسا ممکن نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے اندر مسائل بہت ہیں لیکن پیپلز پارٹی ان سب میں برابر کی شریک ہے۔اس وقت جب پاکستان اور بھارت میں تناؤ ہے، نیب نے جس طرح سے سراج درانی کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کی پراسیکیوشن میں بے حد نقص ہیں، شہباز شریف پر نیب کی جانب سے جو مقدمات چلائے گئے ان میں وہ بری ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف پہلی مرتبہ اقتدار میں آئی ہے، ان کے اپنے مشیر آپس میں لڑ رہے ہیں۔ہر سیاسی جماعت کے اپنے پریشر گروپ ہوتے ہیں۔

فواد چوہدری کے پاس سب سے مشکل وزارت ہے۔ ان کا ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری سے اختلاف ہے، ایم ڈی کی تقرری کسی ایک گروپ سے ہوئی ہے انہیں ایسا لگ رہا ہے کہ جو اصلاحات وہ  پی ٹی وی میں لانا چاہتے ہیں وہ نہیں لا پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے تناؤ میں حکومتی وزیر اور مشیر کی آپس میں لڑائی سمجھ سے بالاتر ہے، وزیر اعظم نے کل اتنا اچھا خطاب کیا مگر ان لوگوں نے سارا مزہ خراب کر دیا ایسا لگ رہا کہ کسی نے دیگ میں اضافی نمک ڈال دیا ہو۔

پلوامہ حملے کے بعد دنیا ایک محتاط رد عمل دے رہی ہے، عادل انجم 

تجزیہ کار عادل انجم نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد دنیا ایک محتاط رد عمل دے رہی ہے اور دونوں ممالک کو تمام معاملات مذاکرت سے حل کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک پاک بھارت معاملے میں دخل اندازی سے کتراتے ہیں، سعودی شہزادے کی پاکستان آمد کا فائدہ ہوا ہے تاہم پاک بھارت معاملات اور تناؤ کو کم کروانے میں وہ کیا کردار ادا کرتے ہیں وہ وقت بتائے گا۔

 


متعلقہ خبریں