فوادخان کو پولیو ویکسین کے قطرے نہ پلوانا مہنگا پڑ گیا، مقدمہ درج


لاہور: فلم اور ٹی وی کے ممتاز اداکار فواد خان نے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کی اجازت نہ دی تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ فواد خان کی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت امریکہ میں ہیں اور انہیں اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے کا علم ٹی وی سے ہوا ہے۔

شوبز کی دنیا میں گلوکار کی حیثیت سے قدم رکھنے والے فنکارفواد خان جنہوں نے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے لیے ٹائٹل سانگ گایا، کے متعلق ضلعی انتظامیہ کے حوالے سے ہم نیوز نے بتایا کہ پولیو ورکرز کی ٹیم فواد خان کے گھر پہنچی تو ان کی اہلیہ نے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلوانے سے انکار کردیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کا کہنا ہے کہ فواد خان کی اہلیہ صدف خان نے چونکہ پولیو ویکسین کے قطرے نہ پلوائے تو گھر کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ہم نیوز نے ڈپٹی کمشنر لاہور کے حوالے سے بتایا کہ صالحہ سعید کا کہنا ہے کہ اداکار فواد خان کے گھر سارا دن پولیو ورکرز کی ٹیم موجود رہی مگر انہیں پولیو ویکسین کے قطرے پلوانے کی اجازت نہ ملی۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے پردیگر چھ افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطبق ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیو کی ویکسین کے قطرے نہ پلوانے پر تھانہ فیصل ٹاؤن میں چار اور تھانہ ماڈل ٹاؤن میں دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔

گزشتہ دنوں لاہور میں پولیو کا ایک کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ہم ٹی وی کے عالمی شہرت یافتہ ڈرامہ ’ہم سفر‘ سے شہرت اور مقبولیت کے بام عروج پر پہنچنے والے اداکار فواد خان کی لاہور میں موجود ٹیم کا اس ضمن میں مؤقف ہے کہ اداکار تو 13 فروری سے پاکستان ہی میں نہیں ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق اداکار کی ٹیم کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیم کو روکنے کی جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ٹیم کا دعویٰ ہے کہ فواد خان کی بیٹی کی پولیو ویکسینیشن مکمل ہے جس کا مکمل ریکارڈ بھی موجود ہے۔

فواد خان کی ٹیم نے واضح کیا ہے کہ اداکار بخوبی ڈبلیو ایچ اور اور سی ڈی سی کی پولیو سے متعلق ہدایات سے مکمل واقفیت رکھتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق فواد خان کی ٹیم نے مؤقف اپنایا ہے کہ درج ہونے والی ایف آئی آر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں